سنگ ماہ میں جرگے کی غلط منظر کشی پرپختون صحافیوں کی تنقید

کب کسی پشتون معاشرے میں جرگہ نے شراب نوشی پر کوڑے مارنے کی سزا سنائی ہے؟صحافی نعمت خان کے ٹوئٹ پر بحث چھڑگئی

ہم ٹی وی کے ڈرامہ سیریل سنگ ماہ کو پختون روایت کی غلط منظر کشی پرپختون صحافیوں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔ڈرامہ سیریل سنگ ماہ میں شراب نوشی کے مجرم کو جرگے  کے سربراہ کی جانب سے کوڑے مارنے کی سزا سناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

عرب نیوز سے وابستہ سینئر صحافی نعمت خان جو سوشل میڈیا پر خاصے سرگرم ہیں ،نےیہ معاملہ سب سے پہلے اٹھایا جس کے بعد سوشل میڈیا پر اس حوالے سے بحث چھڑ گئی ہے اور ہم ٹی وی کو پختون روایات کو مسخ کرنے پر تنقید کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ڈرامہ سنگ ماہ میں عاطف اسلم اور کبریٰ خان کی جوڑی ناظرین کو بھاگئی

ڈرامہ سیریل ’’سنگ ماہ‘‘ اور صوابی کی خواتین کی چادروں کا راز

نعمت خان نے  اپنے ٹوئٹ میں سوال اٹھاتے ہوئے لکھا ہے کہ اپنی کم علمی کے لیے معذرت خواہ ہوں لیکن کب کسی پشتون معاشرے میں جرگے نے شراب نوشی پر کوڑے مارنے کی سزا سنائی ہے؟

اس پر فہد ملک نے تبصرہ کیا کہ ڈرامے میں ملزم کو شراب نوشی نہیں بلکہ گھاگ ( مرد کا کسی خاص عورت سے شادی کی خواہش کا اعلان) کے جرم کی سزا سنائی گئی ہے، جو کہ اس نے شراب کے نشے میں کیا تھا۔

نعمت خان نے جواب میں لکھا کہ نہیں جناب!اسے گھاگ کی سزا ملنی تھی لیکن چونکہ ہلمند خان نے دلیل دی کہ شراب کے نشے میں کیے گئے جرم کی سزا نہیں دی جا سکتی اور ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ نشے میں تھا تو اسے شرب نوشی پر120 کوڑوں کی سزا دی گئی۔ برائے مہربانی ایک بار دوبارہ دیکھیں۔

سینئر صحافی محمود جان بابر نے لکھا کہ ان سکرپٹ رائٹرز کو بھی معلوم ہے کہ کونسے علاقے ایسے ہیں جن کے بارے میں کچھ بھی لکھنے سے انہیں کچھ نہیں کہا جائے گا وہ وہاں کے بارے میں تحقیق نہیں کرتے بلکہ جھوٹ بھی بول جاتے ہیں پختونوں کے بارے میں بھی ان کو معلوم ہے سب چلے گا! ایک کو عدالت میں لے جائیں سب سکرپٹ ٹھیک ہوجائیں گے۔

صحافی سمیرا خان نے ڈرامے میں پشتون روایت کو مسخ کرنے پر لکھا کہ میں نہیں مانتی کہ یہ ڈرامہ ہماری پشتون ثقافت کی حقیقی روح کے ساتھ نمائندگی کرتا ہے،، یہ ڈرامہ پشتونوں پر مکمل بہتان ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے سیکریٹری یوتھ طارق افغان نے لکھا کہ میں نے ایک قبائلی خاندان میں آنکھ کھولی ہے جہاں پر صبح شام علاقے کے بڑے سے بڑے جرگے ہوتے رہے ہیں لیکن کبھی بھی جسمانی سزا کا نہ سُنا ہے نہ دیکھا ہے۔

ہم ٹی وی کے نئی ڈرامہ سیریل سنگ ماہ کو مصطفیٰ آفریدی نے تحریر کیا ہے جبکہ سیفی حسن کی ہدایت کاری میں بننے والے اس ڈرامے میں ایک پشتون خاندان کی کہانی پیش کی گئی ہے۔

ڈرامہ سیریل سنگ ماہ تین حصوں کی کہانی کا دوسرا حصہ ہے، پہلا حصہ 2016میں  ڈرامہ سیریل سنگ مرمر کے نام سے نشر کیا جاچکا ہے جبکہ تیسرے حصے کا نام سنگ سیاہ ہوگا۔

ڈرامہ سیریل  سنگ ماہ کی کاسٹ  20 اداکاروں پر مشتمل  ہے جن میں عاطف اسلم ،نعمان اعجاز،ثانیہ سعید، کبریٰ خان، میکال ذوالفقار، زاویار نعمان، ہانیہ عامر اور دیگر شامل ہیں۔

متعلقہ تحاریر