شہزاد رائے کا نغمہ، علامہ اقبال ، سر سید احمد اور دیگر سوشل میڈیا یوزر بن گئے
شہزاد رائے نے اپنی ویڈیو میں نوجوانوں کو پیغام دینے کی کوشش کی ہے کہ اپنے عظیم تخلیقی ذہنوں کو سوشل میڈیا ایپس پر لگانے کی بجائے سماجی خدمتوں پر لگائیں۔
پاکستان کے معروف گلوکار اور سماجی رہنما شہزاد رائے نے اپنے نئے گانے کا ٹیزر جاری کیا ہے جس میں سر سید احمد خان، علامہ اقبال، بھگت سنگھ ، چی گویرا ، پھولن دیوی ، اور دیگر کو سوشل میڈیا ایپس کا استعمال کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ویڈیو میں گلوکار شہزاد رائے نے کہا ہے کہ "ایسی نایاب ویڈیو آپ نے کبھی پہلے نہیں دیکھی ہو گی جس میں سر سید احمد خان، چی گویرا، علامہ اقبال، بھگت سنگھ، پھولن دیوی وغیرہ کو دیکھا جاسکتا ہے۔”
یہ بھی پڑھیے
اداکار دانش تیمور کی بیٹے کے ساتھ گانے کی ویڈیو وائرل
بے باک انداز پر حمائمہ ملک ایک بار پھر تنقید کی زد میں
شہزاد رائے کے گانے میں اپنے وقت کی عالمی شہرت یافتہ شخصیات کو دکھایا گیا ہے جس سے ناظرین کا تجسس اور بڑھ گیا ہے۔
ویڈیو میں تمام عالمی شہرت یافتہ مرد و خواتین کو انٹرنیٹ پر سوشل میڈیا استعمال کرتے دکھایا گیا جبکہ اصل میں یہ وہ شخصیات تھیں جنہوں نے اپنی زندگیاں دوسروں کی بھلائی کے لیے وقف کررکھی تھیں۔ ویڈیو کا اصل پیغام یہ ہے کہ اگر یہ شخصیات بھی سوشل میڈیا استعمال کرتی رہتی تو انقلاب کہاں سے آتا۔
View this post on Instagram
ویڈیو میں ایک کیفے دکھایا گیا ہے جس میں سر سید احمد خان، چی گویرا، علامہ اقبال، بھگت سنگھ، پھولن دیوی سوشل میڈیا پلیٹ فارم استعمال کرنے میں مصروف نظر آتے ہیں۔ کیفے کے مالک کی جانب سے انٹرنیٹ کنکشن منقطع کرنے کے بعد اپنے اپنے شعبوں کے ہیروز ناراض اور بیدار نظر آتےہیں۔
اس منظر نے کیفے کے زائرین میں انٹرنیٹ کی دنیا سے باہر لائے جانے پر ناراضگی اور گھبراہٹ کا مظاہرہ کیا۔ سوشل میڈیا پر انقلابی ہونا اچھی بات ہے لیکن اصل تبدیلی کےلیے باہر نکلنا پڑتا ہے۔
شہزاد رائے نے اپنی ویڈیو میں نوجوانوں کو پیغام دینے کی کوشش کی ہے کہ اپنے عظیم تخلیقی ذہنوں کو سوشل میڈیا ایپس اور پلیٹ فارمز پر ضائع کرنے کے بجائے حقیقی دنیا میں سماجی سرگرمی میں صرف کریں تاکہ آنے والی نسلوں کو بھرپور فائدہ ہو۔
انسٹا صارف عصمہ ساجد نے شہزاد رائے کی کوشش کو سراہتے ہوئے لکھا ہے کہ "موسیقی کو ایک بامعنی تشریح دینے اور اسے مفید اور زیادہ اثر انگیز بنانے کے لیے آپ کا شکریہ۔”
شہزاد رائے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے تحریم نامی انسٹا صارف نے لکھا ہے کہ "بہترین پیغام۔”