آسکر کیلیے نامزد بھارتی فلم چھیلو شو کا اہم کردار 10سال کی عمر میں چل بسا

فلم کے ہیرو سمے کے قریبی دوست کا کردار ادا کرنے والا راہول کولی بلڈ کینسر میں مبتلا تھا، فلم کی ریلیز سے 12 دن قبل زندگی کی بازی ہارگیا

آسکر ایوارڈ کیلیے نامزد بھارتی فلم چھیلو شو (دی لاسٹ فلم شو) میں اہم کردار ادا کرنے والا کمسن اداکار راہول کولی گزشتہ ہفتے 2 اکتوبر کو 10  سال کی عمر میں انتقال کرگیا۔

 راہول کولی بلڈ کینسر میں مبتلا تھا۔ فلم چھیلو شو کو آسکر2023 میں بھارت کی جانب سے باضابطہ طور پر نامزد کیاگیا ہے اوراسے 14 اکتوبر کو سینما گھروں میں ریلیز ہونا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

انڈین فلم فیڈریشن کا تعصب، بلاک بسٹر تیلگو فلم آر آر آر آسکر کیلیے نظر انداز

تخلیق کاروں نے فلم آر آر آر کی آسکر میں نامزدگی کیلیے مہم شروع کردی

 

راہول کے اہل خانہ نے جام نگر کے قریب ہاپا گاؤں میں اپنے آبائی علاقے میں مرحوم کے لیے دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا۔ گزر بسر کیلیے رکشہ چلانے والے راہول کے والد رامو کولی نے ٹائمز آف انڈیا کو بتایا کہ ان کا بیٹا فلم کی ریلیز کا منتظر تھا، انہوں نے کہاکہ”وہ بہت خوش تھا اور اکثر مجھے بتاتا تھا کہ 14 اکتوبر کے بعد ہماری زندگی بدل جائے گی۔ لیکن اس سے پہلے ہی وہ ہمیں چھوڑ گیا“۔

ہدایت کارنلین پانڈیا (پین نلین) نے بتایا کہ فلم کی ٹیم 10 سالہ اداکار کے آخری دنوں میں ہسپتال میں تھی لیکن  وہ بچ نہیں سکا۔ راہول نے فلم میں منو کا کردار ادا کیا ہے جو مرکزی کردار سمے کا قریبی دوست ہے۔

 رپورٹس کے مطابق راہول کولی کا انتقال 2 اکتوبر کو احمد آبادکے اسپتال میں ہوا اور وہ بلڈ کینسر سے نبرد آزما تھے۔ فلم چھیلو شوگزشتہ سال کئی بین الاقوامی فلم فیسٹولز میں نمائش کیلئے پیش کی گئی تھی اور کئی ایوارڈز اپنے نام کیے۔

متعلقہ تحاریر