فیروز کی وضاحت دھری رہ گئی، شوبز انڈسٹری علیزہ کیساتھ ڈٹ کر کھڑی ہوگئی

عشنا شاہ، ثروت گیلانی، میرب علی، نیمل خاور، عثمان خالد بٹ، عثمان مختار، منال خان، انوشے اشرف، منشا پاشا اور دیگر کا علیزہ سلطان سے بھرپور اظہار یکجہتی، فرویز خان کو ڈراموں سے نکالنے کا مطالبہ زور پکڑ گیا

گھریلو تشدد کے الزامات کا سامنا کرنے والے شوبز انڈسٹری کےمعروف اداکار فیروز خان کیخلاف نیا محاذ کھل گیا۔ سابق اہلیہ علیزہ سلطان پر مبینہ گھریلو تشدد کے تصویری شواہد اور ایم ایل او رپورٹ سامنے آنے کےبعد شوبز انڈسٹری بھی  فیروز خان کیخلاف اٹھ کھڑی ہوئی ہے۔ ٹی وی چینلز سے اداکار کو ڈراموں سے نکالنے کا مطالبہ بھی زور پکڑنے لگا۔

سابقہ اہلیہ کی جانب سے کراچی کی فیملی کورٹ شرقی میں جمع کرائے گئے تصویری شواہد اور ایم ایل او رپورٹ سامنے آنے کےبعد فیروز خا نے خود پر عائدہ کردہ  الزامات کو بےبنیاد،بد نیتی پر مبنی اور جھوٹا قرار دیدیا۔

یہ بھی پڑھیے

اداکار فیروز خان نے طلاق کی تصدیق کردی،سابقہ اہلیہ کے سنگین الزامات

فیروز خان کے سابقہ اہلیہ پر تشدد کے ثبوت سامنے آگئے، مریم نفیس کا اظہار یکجہتی

فیروز خان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس  پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ میں ان تمام بے بنیاد، بدنیتی پر مبنی اور جھوٹے الزامات کی سختی سے تردید کرتا ہوں جو مجھ پر لگائے گئے ہیں اور سوشل میڈیا پر گردش کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ  ان الزامات کی کوئی حقیقت یا صداقت نہیں ہے، میں ان کارروائیوں کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کا مکمل ارادہ رکھتا ہوں اور میں نے اس کے مطابق اپنی قانونی ٹیم کو ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں واضح طور پر یہ بتانا چاہوں گا کہ میں نے ہمیشہ قانون کی اس کی صحیح معنوں میں پیروی کی ہے اور کبھی بھی جان بوجھ کر کسی دوسرے انسان کو تکلیف نہیں پہنچائی، میں کرہ ارض پر بسنے والے ہر انسان کے تمام انسانی حقوق پر بہت پختہ یقین رکھتا ہوں۔

تاہم فیروز خان کی اس وضاحت پر کسی نے کان نہیں دھرے ، اے آر وائی پر ان دنوں نشر ہونے والے ڈرامہ سیریل’ حبس ‘میں فیروز خان کے ساتھ مرکزی کردار ادا کرنے والی ادکارہ عشنا  شاہ سمیت فنکاروں کی بڑی تعداد نے علیزہ سلطان سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔

عشنا شاہ نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ میں اب بھی اس پر سوچ رہی ہوں ااور صدمے کی حالت میں ہوں، کوئی بھی چیز عورت کے خلاف تشدد کا جواز پیش نہیں کر سکتی اور نہ ہی کرے گی۔ میرا دل علیزہ ، سلطان اور فاطمہ کے ساتھ ہے۔

اداکارہ ثروت گیلانی نے فیروز شاہ اور ان کی سابقہ اہلیہ کی تصاویر اور تشدد کے تصویری شواہد اپنے انسٹااسٹوری پر شیئرکرتے ہوئے لکھاکہ  بیگمات پر تشدد کرنے والوں اور دھوکے بازوں کو ہماری انڈسٹری کی نمائندگی سے روکا جائے۔

اداکارہ میرب علی نے گھریلو تشدد کا نشانہ بننے والی خواتین کو قصور وارقرار دینے والوں  کے نام  ایک طویل تحریر میں لکھا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ علیزہ اس آدمی کے خلاف کھڑی ہو گئی۔ مجھے بہت خوشی ہے کہ اس کا خاندان اس کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یاد رکھیں  طلاق یافتہ بیٹی مردہ بیٹی سے بہت بہتر ہے۔

اداکارہ نیمل خاور نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ  ایسے مردوں کو مثال بنانا چاہیے،کوئی بھی چیز جسمانی یا جنسی استحصال کی اجازت نہیں دیتی،بہادر علیزہ اور اس کے خوبصورت بچوں کے بارے میں سوچ رہی ہوں۔

اداکار عثمان خالد بٹ نے اداکارہ مریم نفیس کے ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ علیزہ! میں امید اور دعا کرتا ہوں کہ آپ کو وہ انصاف ملے جس کی آپ حق دار ہیں۔

اداکار عثمان مختار نےاپنے ٹوئٹ میں علیزہ کی تصاویراور ایم او رپورٹ شیئر کرتے ہوئے  لکھا کہ دکھ ہوتا ہے یہ دیکھ کر، انتہائی قابل نفرت ہے،امید ہے علیزہ سلطان کو انصاف ملے گا۔

اداکارہ منال خان نے بھی علیزہ پر تشدد کی تصاویراپنی انسٹااسٹوری پرشیئر کرتے ہوئے اداکار فیروز خان کو بیمار قرار دیا۔

انوشے اشرف نے لکھا کہ علیزہ !مجھے بہت افسوس ہے ۔ میری دنیا میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور مجھے اس پر آنکھیں بند کرنے پر افسوس ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یہ خوفناک ہے کہ لوگ اب بھی پوچھ سکتے ہیں کہ آپ کو بولنے میں اتنا وقت کیوں لگا، وہ نہیں  جانتے ہیں کہ آپ کے لیے اب بھی بات کرنا کتنی بہادری ہے۔ یہ اتنا ہی مشکل ہے جتنا ہمارے لیے کسی ایسے شخص کے خلاف بولنا  ، جسے ہم ذاتی طور پر جانتے ہیں، میرے لیے اس بار دوسری طرف دیکھنا غلط ہوگا۔

انہوں نے لکھاکہ  امید ہے کہ عدالتیں آپ کو انصاف فراہم کریں گی  ، میری دعائیں علیزے کے ساتھ ہیں۔ اگر اللہ نے تمہیں اس حال تک پہنچایا ہے تو وہی تمہیں اس سے نکالے گا،جتنی مضبوطی سے ہوسکے اسکا دامن تھام کررکھو ۔

اداکارہ منشا پاشا نے بھی   اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ایک جذباتی تحریر پوسٹ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی بہانہ، پسند یا دوستی نہیں ہے جو لوگوں کو تشدد کو نظر انداز کرنے کی اجازت دے، ہم ایک مشکل یا مہبم صورتحال کی وجہ سے خاموش بیٹھ کرکسی اور  نور مقد م اور سارہ امیر کا انتظار نہیں کریں گے۔

انہوں نے علیزہ سلطان کیلیے محبت اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے مزید لکھاکہ   میں تصور بھی نہیں کر سکتی  کہ اس نے کیا برداشت کیا ہے اور وہ صدمہ اور خوف جس کی وجہ سے وہ آخر کار یہ سب کچھ سامنے لے آئی۔

صحافی رافع محمود نے ہم ٹی وی کی انتظامیہ سے سینئر اداکار فردوس جما ل کی طرح فیروز خان سے بھی معاہدے منسوخ کرنے کا مطالبہ کردیا۔

متعلقہ تحاریر