چارلی چپلن کا سوانگ رچاتا راولپنڈی کا نوجوان
علی کا کہنا ہے کہ خاموش کامیڈی کرنا بہت مشکل کام ہے ، تاہم لوگوں کی حوصلہ افزائی انہیں اس کام پر آمادہ رکھتی ہے۔"
اسلام آباد میں لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرتا چالی چپلن سب ہی کے دلوں میں گھر کر گیا ہے۔ نوجوان علی کا کہنا ہے کہ چارلی چپلن کا سوانگ رچانے کا مقصد لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنا ہے۔
ہم آپ کی ملاقات کروا رہے ہیں راولپنڈی کے نوجوان علی سے ، جو سنجیدہ چہرے پر چھوٹی سی مونچھ سجائے، کالی ٹوپی پہنے اور چھڑی لہراتے ہوئے گھر سے نکلتے ہیں تو بچے ہوں یا بڑے سبھی کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
موٹروے ٹول پلازہ پر توڑ پھوڑ: پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف مقدمہ درج
ہم نے علی سے پوچھا کہ اسے چارلی چپلن بننے کا خیال کیسے آیا۔؟
علی کا کہنا تھا کہ انہیں بچپن ہی سے اداکاری کا شوق تھا۔ ماضی کا معروف مزاحیہ کردار چارلی چپلن بچے ہوں یا بڑے آج بھی سب کو پسند ہے۔ جس کے سبب انہیں یہ روپ بھرنے کا خیال آیا۔
نوجوان علی کا کہنا تھا کہ "سب ان سے مل کر خوش ہوتے ہیں اور ان کے ساتھ سیلفیاں لیتے ہیں۔ لوگوں میں خوشیاں دینا ان کا مشن ہے۔”
ان کا کہنا تھا کہ "وہ ہالی وڈ کی فلم ڈارک نائٹ کے کردار جوکر ، امیتابھ بچن کا کیا گیا کردار شہنشاہ اور دیگر معروف کرداروں کے روپ بھی دھار چکے ہیں۔”
علی کا کہنا ہے کہ خاموش کامیڈی کرنا بہت مشکل کام ہے ، تاہم لوگوں کی حوصلہ افزائی انہیں اس کام پر آمادہ رکھتی ہے۔”
ان کا کہنا تھا تھا کہ چارلی چپلن کا روپ دھارتے ہوئے بعض اوقات دلچسپ صورتحال کا سامنا بھی ہوجاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک مرتبہ وہ چارلی چیپلن کا روپ دھار کر ایک تقریب میں پہنچے تو یاد آیا کہ وہ اپنی نقلی مونچھ لے جانا بھول گئے ہیں جس پر وہ کچھ دیر پریشان ہوئے اور پھر کالا ٹیپ لگا کر کام چلایا۔
انہوں نے بتایا کہ لوگ خوش ہوتے ہیں تو انہیں نقد رقم اور انعامات بھی دیتے ہیں۔
انہوں نے خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ انہیں ڈراموں اور فلموں میں بھی فن کے اظہار کا موقع دیا جائے۔