کرونا نے عالمی اردو کانفرنس کی طرز کو تبدیل کردیا

کرونا وائرس کے باعث رواں سال کانفرنس کو آن لائن رکھا گیا ہے۔

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں 13 ویں عالمی اردو کانفرنس کا آغاز ہوگیا ہے۔

کرونا وائرس کے باعث رواں سال عالمی اردو کانفرنس کو آن لائن یا ورچوئل رکھا گیا ہے۔ صدر آرٹس کونسل کراچی محمد احمد شاہ کے مطابق اردو کانفرنس کے تمام سیشنز یوٹیوب چینل کے علاوہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔

عالمی اردو کانفرنس میں بیرون ممالک کے ادیب ویڈیو لنک کے ذریعے شامل ہوں گے۔ بھارت سے پروفیسر شمیم ​​حنفی اور جاوید صدیقی کانفرنس کا حصہ بنیں گے۔  سوئیڈن سے مسعود قمر، برطانیہ سے غزل انصاری، مسقط سے طاہرہ کاظمی اور امریکا سے فرحت پروین کانفرنس میں آن لائن شرکت کریں گی۔

اردو کانفرنس میں رواں سال پاکستان سے کئی بڑے نام شرکت کررہے ہیں۔ جن میں ضیاء محی الدین، ندیم بیگ ، یاسر حسین، سہیل وڑائچ ، عاصمہ شیرازی، حسینہ معین، زہرا نگاہ، اسد محمد خان، انور شعور، مظہرعباس، کشور ناہید اور دیگر شامل ہیں۔

رواں سال ہونے والی کانفرنس کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے سیشنز کا انعقاد پاکستان کی علاقائی زبانوں میں کیا جائے گا۔ عالمی اردو کانفرنس  کے پہلے روز نوجوانوں کا مشاعرہ اور بیادِ آصف فرخی کی محفل سجائی گئی۔

یہ بھی پڑھیے

گمنام ستارہ آخری منزل کو پہنچا

دوسرے روز متعدد سیشنز منعقد کیے جائیں گے۔ جن میں 100 برس کا قصہ، اردو ناول کی ایک صدی، بلوچی زبان و ادب کے 100 برس، ہمارے ادب اور سماج میں خواتین کا کردار اور کہانی زندگی سے پہلے شامل ہیں۔

کانفرنس کے تیسرے روز اردو صحافت کے 100 برس اور اردو کا شاہکار مزاح ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر نشر کیا جائے گا۔

سالانہ کانفرنس کا اختتام پاکستانی اداکار ہمایوں سعید کے سیشن بچوں کا ادب پر ہوگا۔ جس میں معروف مصنف و میزبان انور مقصود اور اداکار سہیل احمد بطور مہمان شرکت کریں گے۔ چار روزہ عالمی اردو کانفرنس کا اختتام  6 دسمبر کو ہوگا۔

متعلقہ تحاریر