لکی مروت میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن، 7 دہشتگرد ہلاک ، 3 جوان شہید
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں دہشتگردوں کا کمانڈر موسیٰ خان اور چھ دیگر دہشتگرد مارے گئے۔
لکی مروت میں سیکورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن میں 7 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا جبکہ مقابلے میں 3 فوجی جوانوں نے جام شہادت نوش فرمایا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق لکی مروت میں سیکورٹی فورسز پر متعدد حملوں میں ملوث 7 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے ، جبکہ تصادم کے نتیجے میں 3 جوان بھی شہید ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیے
سابق آرمی چیف کا بیان غلط انداز میں نقل کیا گیا، دفاع وطن کیلیے ہمیشہ تیار ہیں، پاک فوج
ضلع خیبر میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی، 2 دہشتگرد ہلاک ، 2 جوان شہید
ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے بیان میں کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے 27 اور 28 اپریل کی درمیانی شب کو لکی مروت کے علاقے امیر کلام اور تاجبی خیل میں آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران دہشتگرد کمانڈر موسیٰ خان دیگر سات ساتھیوں سے مارا گیا۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے تین فوجی شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے لکی مروت میں مختصر وقت میں دہشتگردوں کے تین حملوں کو کامیابی سے ناکام بنایا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی کے قریب موٹر سائیکل پر سوار خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے بعد فوجی جوانوں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے حملے کو موثر طریقے سے ناکام بنایا ، فائرنگ کے نتیجے میں چار دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران نائب صوبیدار تاج میر (عمر 40 سال، ساکن ڈسٹرکٹ نوشہرہ)، حوالدار ذاکر احمد (عمر 38 سال، ساکن ڈسٹرکٹ ایبٹ آباد) اور سپاہی عابد حسین (عمر 29 سال، ساکن ڈسٹرکٹ ڈی آئی) بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔
علاقے میں کسی بھی دوسرے دہشت گرد کی موجودگی کے امکان کو ختم کرنے کے لیے علاقوں میں آپریشن کلین اپ جاری ہے۔