سی ٹی ڈی کی خفیہ اطلاعات پر کارروائی، 2 دہشت گرد ہلاک، 3 گرفتار
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشتگردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد ، آٹومیٹک اسلحہ اور خودکش جیکٹس بنانے کا سامان برآمد ہوا ہے۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر مختلف شہروں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں کی ہیں۔ راجن پور میں خفیہ اطلاع پر کیے جانے والے آپریشن کے نتیجے میں کالعدم تنظیم کے دو مشتبہ دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران پولیس اہلکاروں اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں دو مشتبہ دہشتگرد مارے گئے۔
یہ بھی پڑھیے
سابق آرمی چیف کا بیان غلط انداز میں نقل کیا گیا، دفاع وطن کیلیے ہمیشہ تیار ہیں، پاک فوج
پاک فوج عوام کی حمایت سے آئینی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے پرعزم ہیں، کورکمانڈرز کانفرنس اعلامیہ
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق خفیہ اطلاعات کے بنیادوں پر ملتان، ساہیوال اور راولپنڈی میں تین آپریشن کیے گئے ، جس کے دوران 3 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے حکام نے بتایا کہ مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت عرفان اور الیاس کے ناموں سے ہوئی ہے، جبکہ گرفتار ہونے والوں کی شناخت حارث، سیف اور ابرار کے نام سے ہوئی ہے۔
سی ٹی ڈی حکام نے مزید بتایا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد، جدید اسلحہ اور خودکش جیکٹس بنانے کا سامان بھی برآمد ہوا ہے۔
حکام نے مزید کہا کہ انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیوں کے دوران 49 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی، گرفتار دہشتگردوں کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔