بلوچستان کے علاقے مسلم باغ میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن کلیئرنس: 6 دہشتگرد ہلاک

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک شہری اور 6 فوجی جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ بلوچستان کے علاقے مسلم باغ میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کرنے والے تمام دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں آپریشن کلیئرنس کا مقصد دہشتگردوں کے ہاتھوں یرغمال بنائی گئی تین فیملیز کو ریسکیو کرنا تھا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے علاقے مسلم باغ میں سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

یہ بھی پڑھیے 

9 مئی کا دن ایک سیاہ باب کی طرح یاد رکھا جائے گا، آئی ایس پی آر

سی ٹی ڈی کی پنجاب کے مختلف شہروں میں کارروائیاں، 11 مشتبہ دہشتگرد گرفتار

ترجمان پاک فوج کے مطابق مارے گئے دہشتگردوں نے 11 اور 12 مئی کی درمیانی شب کو بلوچستان کے علاقے مسلم باغ میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے فرار ہونے پر مجبور کردیا گیا تھا۔ سیکورٹی فورسز نے فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعاقب کرتے ہوئے انہیں بلور کے قریبی پہاڑوں میں جالیا۔ اس دوران سیکورٹی فورسز نے فضائی نگرانی کے ذرائع سے دہشتگردوں کا تعاقب کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں چھ فوجی جوان اور ایک شہری شہید ہو گیا ، جبکہ 6 دہشتگرد مارے گئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق مارے گئے دہشتگردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار اسلحہ ، گولہ بارود اور جدید ہتھیار برآمد ہوئے ہیں۔ تاہم، ملحقہ علاقوں میں فرار ہونے والے چند دہشت گردوں کا سراغ لگانے کے لیے آپریشن جاری ہے۔

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق کلیئرنس آپریشن کے دوران یرغمال بنائی گئی تین فیملیز کو بھی ریسکیو کیا۔ آپریشن کے دوران خاتون سمیت چھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے تصدیق کی کہ سیکورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں کرنے والوں کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

متعلقہ تحاریر