زرغون چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ، تین فوجی جوان شہید
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد بھی مارا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان کے علاقے زرغون میں قائم سیکورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں تین فوجی جوان شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ دہشت گردوں کے ایک گروپ نے زرغون کے علاقے مارگیٹ پر قائم سیکورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق مذکورہ چیک پوسٹ حال ہی میں علاقے میں کوئلے کی کان کنوں سے بھتہ وصولی کی کارروائیوں کو روکنے قائم کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیے
سی ٹی ڈی کی پنجاب کے مختلف شہروں میں کارروائیاں، 7 دہشتگرد گرفتار
باجوڑ میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی، ایک دہشتگرد ہلاک، ایک فوجی جوان شہید
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے حملے کے وقت چیک پوسٹ پر موجود فوجی جوانوں نے بھرپور جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں دہشتگرد فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 جوان شہید ہو گئے جبکہ ایک دہشتگرد بھی مارا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید فوجیوں کی شناخت لانس نائیک عبدالقدیر، سپاہی مدثر اور سپاہی ظہیر احمد کے نام سے ہوئی ہے۔
سیکورٹی فورسز نے وقت ضائع کیے بغیر فرار ہونے والے دہشتگردوں کا تعاقب کیا اور انہیں قریبی پہاڑوں میں جالیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر قریبی پہاڑوں میں دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانوں کی نشاندہی کی ہے۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے سے دہشتگردوں کے فرار کی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے دباؤ برقرار رکھا ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔