ضلع کیچ میں دہشتگردوں کا سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ، 2 جوان شہید

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے جوانوں میں سپاہی حسنین اشتیاق اور سپاہی عنایت اللہ شامل ہیں۔

بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشتگردوں کے حملے میں سیکورٹی فورسز کے دو جوان شہید ہو گئے۔ حملہ پاک ایران سرحد کے قریب کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونےوالے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردوں نے پاک ایران سرحد پر پاک فوج کی سیکورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا ہے۔ حملے کے نتیجے میں دو سپاہی شہید ہو گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے 

سی ٹی ڈی کی پنجاب کے مختلف شہروں میں کارروائیاں، 12 مبینہ دہشتگرد گرفتار

دتہ خیل میں چیک پوسٹ پر خودکش حملہ، 3 سیکورٹی اہلکاروں سمیت 4 افراد شہید

ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردوں نے پاک ایران سرحد پر قائم سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا ہے۔ حملہ بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے سنگوان میں کیا گیا۔

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق چوکی میں موجود فوجی جوانوں نے دہشتگردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ، اور انہیں پسپائی پر مجبور کردیا۔ تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کے دو جوان وطن پر قربان ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے جوانوں میں سپاہی حسنین اشتیاق اور سپاہی عنایت اللہ شامل ہیں۔ شہید ہونے والے سپاہی حسنین اشتیاق کا تعلق ڈی آئی خان سے ہے جبکہ سپاہی عنایت اللہ کا جھل مگسی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز ایرانی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں جبکہ علاقے میں دہشتگردوں کی تلاش کے لیے آپریشن بھی جاری ہے۔

متعلقہ تحاریر