کراچی میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام،کالعدم ایس آر اے کا دہشتگرد گرفتار
ملزم ممتاز سومرو کلفٹن میں واقع چائنا ٹاؤن ریسٹورنٹ کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنانے جارہا تھا، پولیس اور سی ٹی ڈی نے گرفتار کرلیا۔
سی ٹی ڈی آپریشن کراچی نے کارروائی کرتے ہوئے دہشت گرد تنظیم کالعدم سندھو دیش ریوولشنری آرمی ( کالعدم ایس آر اے) کے ایک دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔
گرفتار دہشت گرد کی شناخت ممتاز علی ولد اعجاز النبی سومرو کے نام سے ہوئی ہے ،دہشت گرد کے قبضے سے ایک عدد آئی ای ڈی ریموٹ کنٹرول بم مکمل تیار شدہ برآمدہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
ضلع کیچ میں دہشتگردوں کا سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ، 2 جوان شہید
سی ٹی ڈی کی پنجاب کے مختلف شہروں میں کارروائیاں، 12 مبینہ دہشتگرد گرفتار
ملزم نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ایس آر اے کمانڈر اصغر شاہ عرف سجاد شاہ کے کہنے پر شاہنواز بھٹو نے مجھے دو کراچی میں دو ٹارگٹ دیئے،پہلا ٹارگیٹ چائنہ ٹاؤن ریسٹورنٹ کلفٹن اور دوسرا سی پیک ابراہیم حیدری پروجیکٹ جہاں چائنیز کام کرتے ہیں ان کو ٹارگٹ کرنا تھا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد اپنے ٹارگٹ چائنا ٹاؤن ریسٹورنٹ کی طرف ایک عدد ریموٹ کنٹرول بم کا دھماکا کرنے جارہا تھاکہ ریسٹورنٹ کے قریب ہی پولیس نے اسے گرفتار کرلیا ۔دہشت گرد کے پاس موجود ایک سیاہ سفری بیگ سے ریموٹ کنٹرول بم برآمد ہوا ۔ ملزم سے تفتیش جاری ہے اورمزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔