9 مئی کے منصوبہ سازوں اور ماسٹر مائنڈز کے گرد قانون کا گھیرا تنگ کیا جائے گا، آرمی چیف
چیف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ ہم شہداء کے اہلخانہ کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، قوم کے تعاون سے دشمنوں کے تمام تر ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا جائے گا۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ عوام اور مسلح افواج کا تعلق ملکی سلامتی میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے ، 25 مئی کی تقریبات میں عوام کی شرکت افواج پاکستان کے عوام کے گہرے تعلق کی عکاسی ہے ، ہم شہداء کے اہلخانہ کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، قوم کے تعاون سے دشمنوں کے تمام تر ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا جائے گا۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیرصدارت جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) میں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی ہے۔ کانفرنس میں کور کمانڈرز ، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیرصدارت ہونے والی فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
شمالی وزیرستان میں سیکورٹی کا سرچ آپریشن، 2 دہشتگرد ہلاک، 2 جوان شہید
ضلع کیچ میں دہشتگردوں کا سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ، 2 جوان شہید
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف (سی او اے ایس) جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت فارمیشن کمانڈرز کانفرنس نے اس بات پر زور دیا کہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں اور ماسٹر مائنڈز کے گرد قانون کا گھیرا تنگ کیا جائے گا جنہوں نے اپنے مقاصد کے حصول کے لیے ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف نفرت پروان چڑھائی۔ ملک میں افراتفری پھیلانے اور سیاسی طور پر بغاوت کی مذموم منصوبہ بندی کی۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس کے دوران فورم نے زور دے کر کہا کہ دشمن قوتیں اور ان کے حامی جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے معاشرتی تقسیم اور انتشار پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں لیکن قوم کی بھرپور حمایت سے ایسے تمام عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔
کانفرنس کے شرکاء نے مسلح افواج کے افسران اور جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سول سوسائٹی کے شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے ملک کی حفاظت، سلامتی اور وقار کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
فورم نے زور دے کر کہا کہ "ریاست پاکستان اور مسلح افواج شہداء اور ان کے خاندانوں کو ہمیشہ اعلیٰ ترین احترام کا مقام دے گی اور ان کی قربانیوں کو انتہائی عزت اور وقار کے ساتھ پیش کرتی رہے گی۔”
کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کہنا تھا کہ شہدا کی یادگاروں، جناح ہاؤس کی بے حرمتی کرنے والوں اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو یقینی طور پر پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا جو کہ پاکستان کے آئین کے ماخوذ ہیں۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آج کی کانفرنس 9 مئی کے یوم سیاہ کے واقعات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے اپنے اس پختہ عزم کا اعادہ کیا کہ شہدا کی یادگاروں، جناح ہاؤس اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو یقیناً پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
فوج کے اعلیٰ افسر نے اس بات پر مزید زور دیا اب جبکہ مجرموں اور اکسانے والوں کے قانونی ٹرائل شروع ہو چکے ہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف نفرت پھیلانے والے اور سیاسی طور پر پروان چڑھانے والے منصوبہ سازوں اور ماسٹر مائنڈز کے گرد بھی قانون کی گرفت مضبوط کی جائے۔
کانفرنس کے شرکاء نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ اگر کسی گروپ یا گروہ نے دشمن قوتوں کے ہاتھوں میں کھیل کر ملک کے خلاف کوئی سازش تیار کی تو ان کوششوں کو کچلنے کےلیے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔