سی ٹی ڈی نے پنجاب میں 7 ’انتہائی مطلوب‘ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ملتان سے چار، گوجرانوالہ سے دو، ڈی جی خان سے ایک دہشت گرد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
محکمہ انسداد دہشت گردی پنجاب نے دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر بڑا آپریشن کرتے ہوئے 7 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
سی ٹی ڈی پنجاب کے حکام کے مطابق سی ٹی ڈی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 7 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ، ایک دہشتگرد ہلاک
سی ٹی ڈی پنجاب کی کارروائیاں، 9 خطرناک دہشتگرد گرفتار
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق ملتان سے چار، گوجرانوالہ سے دو اور ڈیرہ غازی خان سے ایک دہشت گرد گرفتار کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ان دہشت گردوں کا تعلق مبینہ طور پر مختلف غیرقانونی اور کالعدم تنظیموں سے ہے۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، دستی بم، لیپ ٹاپ، پرائمر کورڈ اور 18 ہزار 800 روپے نقدی برآمد ہوئی ہے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کے خلاف 6 مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔