جدید عسکری تقاضے پاک بحریہ کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، نیول چیف
پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں نیوی کیڈیٹس سے خطاب۔
لاہور: چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں 52ویں اسٹاف کورس کے شرکاء سے خطاب کیا۔ خطاب کے لئے آمد پر کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج ریئر ایڈمرل جاوید اقبال نے نیول چیف کا پرتپاک استقبال کیا۔
کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف نے جدید دور کے چیلنجز اور دنیا میں رونما ہوتی تکنیکی تبدیلیوں پر سیر حاصل گفتگو کی۔
انہوں نے عسکری تربیت کو جغرافیائی اور جدید تکنیکی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ پیشہ ور افرادی قوت یقینی بنائی جاسکے، جو پاک بحریہ کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
افواج پاکستان آج ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار ہے، نیول چیف
ہائیڈروگرافی کا عالمی دن منانے کا مقصد سمندری خدوخال کو اجاگر کرنا ہے، نیول چیف
امیرالبحر نے افسران کو تاکید کی کہ وہ اپنی قائدانہ صلاحیتوں اور اسلامی اقدار کے مطابق کردار سازی پر خصوصی توجہ دیں۔
قبل ازیں پاکستان نیوی وار کالج کے کورس ممبران نے نیول چیف کو پیشہ ورانہ عسکری تحقیق اور جدید تقاضوں پرایک تحقیقی مقالہ پیش کیا۔
نیول چیف نے کورس کے شرکاء کی تحقیق کو سراہا اور مختلف الانواع چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لئے افسران کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں پاکستان نیوی وار کالج کے کردار کی تعریف کی۔
دورے کے دوران نیول چیف نے ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ وارگیمنگ سیمولیٹر کا بھی افتتاح کیا۔ یہ سیمولیٹر انتہائی خطرات کے ماحول میں مختلف جنگی حکمتِ عملیوں کی توثیق اور افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ یہ سیمولیٹر میری ٹائم کمپلیکس کی جانب سے مقامی طور پر تیار کیا گیاہے۔
پاکستان نیوی میں عسکری تعلیم کے لئے پاکستان نیوی وار کالج لاہور سب سے بڑا ادارہ ہے۔ پاکستان نیوی اسٹاف کورس کے شرکاء میں افواجِ پاکستان سمیت دوست ممالک کے افسران شامل ہیں۔