سی ایس ایس میں اردو، اسلامیات اور پاکستان افیئرز کے پرچے بھی ڈراؤنا خواب بن گئے

3 سال کے دوران اردو میں 54.53 فیصد، پاکستان افیئرز میں 51فیصد ،اسلامیات میں 50 فیصد طلبہ فیل ہوئے،2021 میں اسلامیات  میں فیل ہونے والوں کی شرح  81 فیصد رہی، تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش

 سینٹرل سپیریئر سروسز (سی ایس ایس) کے  امتحانات میں انگریزی کے بعد اردو، پاکستان افیئرزاور اسلامیات کے پرچے  بھی طلبہ کیلیے ڈراؤنا خواب بن گئے۔

3 سال کے دوران اردو میں 54.53 فیصد، پاکستان افیئرز میں 51فیصد ،اسلامیات میں 50 فیصد طلبہ فیل ہوئے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے 3 سال کے دوران سول سروس کے امتحانات میں فیل ہونے والے امیدواروں کی تفصیلات  قومی اسمبلی میں پیش کردیں۔

یہ بھی پڑھیے

چیٹ جی پی ٹی کا اے لیولز کے طلبہ کو نقل کرانے سے صاف انکار

علی ترین کا جنوبی پنجاب کے ہونہار طلبا  کے لیے شاندار تحفہ

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے بتایا کہ 2019 میں 30 فیصد امیدوار اردو میں فیل ہوئے جبکہ 2020 اور 2021 میں ناکامی کی شرح بالترتیب 59 اور 73فیصد تک بڑھ گئی۔  یوں گزشتہ تین سال میں سی ایس ایس کے اردو  کے پرچے میں  ناکامی کی مجموعی شرح 54.53 فیصدرہی۔

رپورٹ کے مطابق تین سالوں میں 49ہزار500 میں سے 45ہزار800 امیدوار مضمون نویسی میں ناکام رہے۔ 2019 میں 14ہزار 205 میں سے 13ہزاار 328 امیدوار مضمون لکھنے میں ناکام رہے جبکہ 6فیصد  امیدوار مضمون نگاری کا پرچہ پاس کرنے میں کامیاب رہے ۔

رپورٹ میں بتایا گیا  ہے کہ 2020 میں 18ہزار387 امیدواروں میں سے 17ہزار735 مضمون لکھنے میں ناکام ہوئے، جب کہ پاس ہونے کی شرح صرف 4 فیصد تھی جبکہ 2021 میں 16ہزار887 میں سے کم از کم 14ہزار 760 امیدوار اس مضمون میں فیل ہوئے جبکہ مذکورہ سال  کامیابی کی شرح 13فیصد تھی جب کہ 87 فیصد امیدوار ناکام رہے۔

انگریزی کے پرچے میں کامیابی کی شرح کے حوالے سے ایوان کوبتایا گیا کہ   2019 میں 49ہزار 500 میں سے 35ہزار امیدوار اس مضمون میں فیل ہوئے تھے جن کی شرح 73 فیصد تھی  جو 2020 اور 2021 میں بالترتیب 39 فیصد اور 92 فیصد رہی۔اس طرح 3 سال کے دوران انگریزی میں فیل ہونے والے امیدواروں کی مجموعی شرح68 فیصد رہی۔

پاکستان افیئرز کے مضمون میں  2019 میں فیل ہونے والے امیدواروں کی شرح 37فیصد، 2020 میں 71فیصد اور 2021 میں 46 فیصد رہی۔اس طرح پاکستان افیئرز کے مضمون میں  3 سال کے دوران فیل ہونے والے امیدوارون کی  مجموعی شرح 51فیصد رہی ۔

اسلامیات میں بھی 3 سال کے دوران مجموعی طور پر 50 فیصد امیدوار فیل ہوئے جن کی شرح 2019 میں 18فیصد، 2020 میں 51فیصد اور 2021 میں 81 فیصد رہی۔

متعلقہ تحاریر