قومی ادارہ برائے امراض قلب کے لیے 10 اعزازات

این آئی سی وی ڈی ہیلتھ کیئر نیٹ ورک کو کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی (سی ایس آر)2021 کے 10ایوارڈز سے نوازا گیا

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) کے لئے یہ بات باعث اعزاز ہے کہ اس کو 10ویں سالانہ کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی سمٹ2021 میں پورے ملک سے آنے والے مریضوں کو بلا امتیاز طبّی خدمات فراہم کرنے پر 10ایوارڈ زسے نوازا گیا۔

یہ کامیابی قومی ادارہ برائے امراض قلب کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کی بے مثال قیادت اور این آئی سی وی ڈی کے مینیجمنٹ کنسلٹنٹ کی غیرمعمولی کاوشوں اور انتھک محنت کا نتیجہ ہے جو ہمیشہ مریضوں کو امراضِ قلب کا جدید و معیاری علاج انہی کے گھروں کے قریب بالکل مفت فراہم کرنے کے لئے ہر وقت کوشاں رہتے ہیں۔

این آئی سی وی ڈی کو دنیا میں امراضِ قلب کے علاج کے لئے بہترین ادارہ بنانے پر پروفیسر ندیم قمر، حیدر اعوان اور عذرا مقصود مبارکباد کے مستحق  ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان میں 91 فیصد موثر روسی ویکسین کی منظوری

 این آئی سی وی ڈی کی انتظامیہ نے پورے عملے کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پروفیسر ندیم قمر کی سوچ کے مطابق پورے صوبہ سندھ میں این آئی سی وی ڈی کی ہسپتالوں اور چیسٹ پین یونٹس کا جال بچھایا گیا ہے تاکہ ہر دل کے مریض کو امراضِ قلب کا جدید و مہنگا علاج انہی کے گھروں کے قریب مفت فراہم ہو سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 4سال کے مختصر عرصے میں 10اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتال اور 19چیسٹ پین یونٹس قائم کیے گئے ہیں، جو ادارے کی بے مثال کامیابی ہے۔ این آئی سی وی ڈی ہیلتھ کیئر نیٹ ورک پورے ملک سے آنے والے مریضوں کو امراضِ قلب کا علاج بالکل مفت فراہم کرنے میں دن رات مصروف عمل ہے۔

متعلقہ تحاریر