پاکستان پورٹیبل ایم آر آئی نظام کا حامل پہلا ایشیائی ملک

پاکستان ایشیا کا پہلا اور دنیا کا تیسرا ملک بن چکا ہے جہاں پورٹیبل ایم آر آئی نظام کی سہولت متعارف کروائی گئی ہے۔

پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے آغا خان اسپتال میں ایشیاء کا پہلا پورٹیبل ایم آر آئی نظام متعارف کروایا دیا گیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آغا خان میڈیکل کالج کے ڈین علی حیدر نے ہائپر فائن پورٹیبل ایم آر آئی مشین متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان یہ مشین حاصل کرنے والا ایشیاء کا پہلا اور دنیا کا تیسرا ملک بن گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ناسا مریخ پر آکسیجن تیار کرنے میں کامیاب

 ہائپر فائن ایم آر آئی مشین کو انتہائی نازک صورتحال میں مبتلا مریضوں کے گھر تک پہنچایا جاسکے گا۔ اس مشین سے مریضوں کا ایم آر آئی کرنا آسان ہوجائے گا۔ پورٹیبل ہائپر فائن ایم آر آئی کو بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی مالی امداد سے بنایا گیا ہے۔

ہائپر فائن کا نام دی جانے والی ایم آر آئی مشین کو امریکہ میں قائم ہائپر فائن ریسرچ نے ڈیزائن کیا ہے۔ اس ایم آر آئی مشین کے ذریعے حاملہ خواتین کی خوراک کی بنیاد پر شیرخوار بچوں کے متعلق ابتدائی معلومات حاصل کی جائے گی۔

آغا خان اسپتال کی ڈاکٹر فائزہ جہاں کے مطابق ہائپر فائن ایم آر آئی مشین سے پہلی مرتبہ اس بات کو جان پائیں گے کہ ماں کے پیٹ میں بچے کو غذائیت کتنی مقدار میں مل رہی ہے اور اس کی کمی کے باعث ہونے والے مسائل سے نمٹنے میں مدد بھی ملے گی۔

ہائپر فائن ریسرچ کے سائنسدان ڈاکٹر ہیری ہو نے کہا ہے کہ روایتی ایم آر آئی کے لیے آپ مریض کو مشین کے پاس لاتے ہیں لیکن ہائپر فائن مشین کو ایم آر آئی کے لیے مریض کے پاس لے کر جایا جائے گا۔

متعلقہ تحاریر