سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کے سربراہ ملک چھوڑ دیں گے؟

ادار پونا والا کا کہنا ہے کہ انہیں سیاسی شخصیات کی جانب سے دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

ویکسین بنانے والے دنیا کے سب سے بڑے ادارے سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (ایس آئی آئی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ادار پونا والا کا کہنا ہے کہ وہ ان دنوں شدید سیاسی دباؤ کا شکار ہیں اور بااثر لوگوں کی جانب سے دھمکیوں کے باعث مستقل طور پر انڈیا چھوڑنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔

برطانوی اخبار دی ٹائمز کو دیئے گئے انٹرویو میں ادار پونا والا نے بتایا کہ کم وقت میں زیادہ سے زیادہ ویکسین بنانے کے لیے ان پر مختلف سیاسی شخصیات کی جانب سے شدید دباؤ ڈالا جارہا ہے۔

سربراہ ایس آئی آئی کے مطابق وہ کنبھ میلے سمیت کسی بھی مذہبی اور سیاسی اجتماع کے بارے میں بات نہیں کرسکتے ہیں کیونکہ جب وہ کرونا کیسز کی وجوہات کے حوالے سے مذہبی اجتماعات پر تنقید کرتے ہیں تو انہیں بااثر شخصیات کی طرف سے دھمکیاں ملتی ہیں، جن کی وجہ سے وہ تنگ آچکے ہیں اور برطانیہ میں ویکسین کی پیداوار کا یونٹ قائم کرنے کے بارے میں سنجیدگی سے سوچ رہے ہیں۔

ادار پونا والا ان دنوں اپنے خاندان کے ساتھ لندن میں مقیم ہیں اور ان کی جانب سے لندن میں 50 سے 69 ہزار پاؤنڈ کی پراپرٹی خریدنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

انڈیا کی صورتحال دنیا بھر کے ممالک کے لیے سبق

دوسری جانب سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ادار پونا والا نے برطانیہ میں اپنے تمام شراکت داروں اور شیئر ہولڈرز کے ساتھ ملاقات کے بارے میں بتایا۔

سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کرونا سے بچاؤ کی برطانوی ویکسین ایسٹرازینیکا کو کووی شیلڈ کے نام سے بنارہا ہے۔ یہ ادارہ انڈیا میں 90  فیصد عوام کو ویکسین فراہم کررہا ہے تاہم طلب اتنی زیادہ ہے کہ سپلائی پھر بھی کم پڑرہی ہے۔ ادار پونا والا کا کہنا ہے کہ انڈیا میں ویکسین کے حوالے سے اس قدر غم و غصہ اور توقعات کبھی وابستہ نہیں کی گئی ہیں۔

متعلقہ تحاریر