اسد عمر کا ملک بھر میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا اشارہ
سربراہ این سی او سی کا کہنا ہے کہ صحیح وقت پر صحیح فیصلے نہیں کیے گئے تو کرونا کا پھیلاؤ مزید بڑھ سکتا ہے۔
سندھ حکومت نے کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر اسکولز اور پارکس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آج سے انڈور ڈائننگ بھی بند ہوجائے گی۔ سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) اسد عمر نے کرونا سے بچاؤ کے لیے ملک بھر میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا اشارہ دے دیا۔
ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں کرونا کی صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں بتایا گیا کہ 13 جولائی کو کراچی میں نئے کیسز کی شرح 17.11 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔ کراچی شرقی میں کیسز کی شرح21 فیصد، کراچی وسطی میں 12 فیصد ، کراچی جنوبی میں 15 فیصد، اور کورنگی میں 8 فیصد کیسز سامنے آئے۔
سندھ میں وبا کی شرح میں اضافے کے بعد صوبائی حکومت نے تعلیمی ادارے، تفریحی مقامات اور ہوٹلز میں انڈور ڈائننگ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ملک میں کرونا کی چوتھی لہر سے متعلق بھی خدشات ظاہر کیے جارہے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے ٹوئٹر ہینڈل سے پوسٹ شیئر کی گئی جس میں عوام کو کرونا سے بچاؤ کے ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے کی تاکید کی گئی۔
Adherence to SOPs and timely vaccination are the only ways to protect yourself against Corona Virus! Wear Mask, adhere to Social Distancing and Get yourself Vaccinated! Remember that #VaccineAndSOPsSaveLives
— NCOC (@OfficialNcoc) July 14, 2021
یہ بھی پڑھیے
کراچی کے ایک ہی خاندان میں ڈیلٹا ویریئنٹ کے 9 کیسز
سربراہ این سی او سی اسد عمر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر خبر رساں ادارے بلومبرگ کی رپورٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اگر صحیح وقت پر صحیح فیصلے نہیں کیے گے تو کرونا کا پھیلاؤ مزید بڑھ سکتا ہے۔ انہوں نے بھارت کی مثال دیتے ہوئے شہریوں کو خبردار کیا۔ لاک ڈاؤن سے متعلق اسد عمر کا کہنا تھا کہ اگر مکمل لاک ڈاؤن کردیا گیا تو انڈیا کی طرح ہمارے ملک میں بھی کھانے پینے کے مسئلے ہوجائیں گے، اس لیے ہمیں ایک اسمارٹ لاک ڈاؤن کی ضرورت ہے جس پر سختی سے عمل کیا جائے۔
This is the devastation covid can cause if you don’t take the right decisions at the right time. It shows the crippling impact the severe Indian lockdown had, and continues to have, on the hundreds of millions of the most vulnerable https://t.co/cz1K2hUqDc
— Asad Umar (@Asad_Umar) July 14, 2021
سماجی فاصلہ، ماسک اور کرونا ویکسین، وبا سے بچاؤ کے لیے لازمی ہیں لیکن افسوس شہریوں کی ایک بڑی تعداد ان احتیاطی تدابیر پر عمل نہیں کرتی۔









