جناح اسپتال ایمرجنسی کی ایکسرے مشین خراب، مریض رُل گئے

سماجی حلقوں نے سندھ حکومت اور محکمہ صحت سندھ کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر ایکسرے مشین کی خرابی کو دور کروائیں۔

محکمہ صحت سندھ کے دعوؤں کی قلعی ایک مرتبہ پھر سے کھل گئی ، کراچی کے سب سے بڑے جناح اسپتال کی ایکسرے مشین خراب ہو گئی ہے ، جس پر سماجی حلقوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام بالا سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جناح اسپتال کراچی کی ایمرجنسی میں موجود جدید ایکسرے مشین خراب ہوگئی جس کے بعد انتظامیہ نے ایکسرے مشین کے انٹری ڈور پر لاک ہونے کی وجہ سے دروازے کو ڈریسنگ پٹی سے بند کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

قمبر میں شہید حکیم محمد سعید فاؤنڈیشن کے زیراہتمام فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

این آئی سی وی ڈی میں بھوت ملازمین کے بعد ’بھوت مریضوں‘ کا انکشاف

اسپتال انتظامیہ نے ایکسرے مشین کا کمرہ بند کرکے دروازے پر مشین خراب ہونے کا پیپر چسپاں کردیا ہے۔

ایکسرے مشین خراب ہونے کی وجہ سے لواحقین کو اپنے مریضوں کو ایکسرے کروانے کے لیے رنگون والا بلڈنگ اور دیگر جگہوں پر لے جانا پڑا ہے ، جس کی وجہ سے مریضوں کو سخت اذیت سے گزرنا پڑا ہے۔

ایمرجنسی میں لائے گئے مریضوں کی مشکلات اس حوالے سے مزید بڑھ گئی ہیں۔

کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور معاشی حب ہے ، جہاں حادثات معمول کی بات ہے۔ حادثات کے شکار سینکڑوں مریض روزانہ کی بنیاد پر جناح اسپتال لائے جاتے ہیں ، لیکن طبی سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔

ایمرجنسی میں لائے جانے والے مریضوں کے لواحقین دہرے عذاب میں مبتلا ہیں ، ان کا کہنا ہے سندھ حکومت اور محکمہ صحت سندھ کی غفلت اور لاپروائی کی وجہ سے انہیں اپنے مریضوں کے ایکسرے کروانے کے لیے دوسرے اسپتالوں میں لے جانا پڑرہا ہے۔

سماجی حلقوں نے سندھ حکومت اور محکمہ صحت سندھ کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر ایکسرے مشین کی خرابی کا نوٹس لیں ، ٹیکنیکل اسٹاف کو بھیج کر مشین کو فوری طور پر ریپیئر کروائیں تاکہ مریضوں کی مشکلات میں کمی آسکے۔

دوسری جانب جناح اسپتال کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹیکنیکل اسٹاف کو کال کرلیا گیا ہے مشین جلد ٹھیک ہو جائے گی۔

متعلقہ تحاریر