انڈین ڈاکٹر نے کرونا ویکسین لگوانے پر اہلیہ سے ڈانٹ کھالی

ڈاکٹر اگروال کا کہنا ہے کہ خوشی ہے تناؤ کے دور میں وہ لوگوں کے چہرے پر مسکراہٹ بکھیرنے کا باعث بنے۔

 مختلف ممالک میں لوگوں کو کرونا وبا سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے پر آمادہ کرنے کے لیے حکومتیں خصوصی پیغامات جاری کررہی ہیں۔ لیکن  انڈیا میں الٹی گنگا بہہ رہی ہے وہاں ڈاکٹر کو ویکسین لگوانے پر اپنی اہلیہ سے ڈانٹ سننی پڑرہی ہے۔

کرونا وائرس کا عفریت دنیا بھر میں لاکھوں افراد کی جانیں نگل چکا ہے۔ لوگ مہینوں سے اس کی ویکسین کا انتظار کررہے تھے۔ اب جبکہ کرونا سے بچاؤ کی ویکسین دستیاب ہے تو سوشل میڈیا پر ایک ایسی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں انڈین ڈاکٹر نے ویکسین لگوانے پر اپنی اہلیہ سے ڈانٹ کھائی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ روز انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کے 37 ویں صدر ڈاکٹر کےکے اگروال کی ویڈیو منظر عام پر آئی۔ جس میں وہ کسی ٹی وی شو میں براہ راست ٹیلیفونک رابطے میں تھے۔ اس دوران ان کی اہلیہ کی فون کال آگئی اور انہوں نے گھر واپسی آنے میں دیر ہونے کی وجہ پوچھی۔ ڈاکٹر صاحب نے بتایا کہ وہ گھر والوں کو ویکسین لگوانے کے لیے اسپتال سے تاریخ لینے گئے تھے مگر اس وقت جگہ کی دستیابی کے باعث عملے نے انہیں اسی وقت ویکسین لگادی۔ یہ کہنا تھا کہ خاتون بھڑک اٹھیں کہ اکیلے ویکسین لگا کر آنے پر ایسے جملوں کا تبادلہ کیا کہ ڈاکٹر صاحب شش و پنج میں مبتلا وضاحتیں ہی دیتے رہ گئے۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ڈاکٹر کے کے نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر ایک پیغام جاری کیا۔ جس میں کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ کرونا کے اس تناؤ کے دور میں وہ لوگوں کے چہرے پر مسکراہٹ بکھیرنے کا سبب بنے۔

#GetVaccinated #COVID19

Posted by Dr K K Aggarwal on Wednesday, 27 January 2021

عام طور پر جب آپ کسی لائیو سیشن کا حصہ ہوتے ہیں تو نجی فون کالز نہیں اٹھائی جاتیں لیکن ڈاکٹر اگروال نے ایسا کرکے خود اپنا مذاق بنوایا۔

یہ بھی پڑھیے

سندھ حکومت نے کرونا سے بچاؤ کی ویکسین کا آرڈر دے دیا

وائرل کلپ کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے ڈاکٹر صاحب کی ایک اور ویڈیو شیئر کی ۔ جس میں وہ آن لائن سیمینار کے دوران اپنے سر کا مساج کراتے ہوئے دکھائی دیئے۔

ان دونوں ویڈیوز کو دیکھتے ہوئے یہی کہا جاسکتا ہے کہ ڈاکٹر اگروال کو براہ راست سیشنز میں شرکت کے بنیادی اصول سیکھنے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ تحاریر