خیبرپختونخوا میں کھانے پکانے کے مقابلوں کا انعقاد

کھانے پکانے کے مقابلوں میں صوبے بھر سے 65 مرد و خواتین نے حصہ لیا۔

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں محکمہ سیاحت اور امور نوجوانان کے زیرانتظام نوجوانوں کے لیے کھانے پکانے کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جن میں صوبے بھر سے 65 مرد و خواتین نے حصہ لیا۔

خیبرپختونخوا کی حکومت کی جانب سے منعقدہ کھانے پکانے کے ان مقابلوں میں پشاور، سوات، ملاکنڈ، چترال اور ایبٹ آباد سمیت دیگر اضلاع سے مرد و خواتین نے شرکت کی اور لذیذ کھانے بنا کر ججزز کو متاثر کرنے کی کوشش کی۔ مقابلے میں حصہ لینے والے امیدواروں کو قرعہ اندازی کے ذریعے پکوانوں کے نام بتائے گئے اور یوں حصہ لینے والوں نے مختلف انواع و اقسام کے کھانے بنا کر پیش کیے۔

ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سلیم جان نے ایونٹ کے حوالے سے بتایا کہ اس ایونٹ کے انعقاد کا مقصد نوجوانوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جہاں وہ کھل کر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔ اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے مختلف سرگرمیاں رکھی گئی ہیں جن میں بڑی تعداد میں لوگ دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

پشاور میں ’محمد علی سدپارہ کلائمبنگ وال‘ کا افتتاح

16 سے 19 مارچ تک منعقد ہونے والے مقابلے کے پہلے 2 روز نوجوانوں سے آڈیشن لیے گئے۔ اس کے بعد ٹاپ 20 شرکاء کے درمیان مقابلے کیے گئے جس میں پہلے 5 شرکاء کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ ان مقابلوں میں حصہ لینے والے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں اسناد دی جائیں گی اور جیتنے والے نوجوانوں میں نقد انعامات بھی تقسیم کیے جائیں گے۔

کھانے پکانے کے مقابلے کے شرکاء نے صوبائی حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے صحت مندانہ مقابلوں سے نوجوان نسل کی صلاحیتیں مزید بہتر ہوتی ہیں اور لوگوں کا ہنر بھی مزید نکھر جاتا ہے۔

متعلقہ تحاریر