ٹریلز اسلام آباد کے شہریوں کے لیے ورزش اور تفریح کا ذریعہ

مارگلہ کی پہاڑیوں پر بسا جنگل چیتے ، ہرن ،بندر،لومڑیوں اور گیدڑ سمیت 38 چوپایوں اور 32 حشرات کا مسکن بھی ہے۔

اسلام آباد کے شہری خوش قسمت ہیں کہ انہیں ورزش اور تفریح کے لئے ٹریلز دستیاب ہیں۔ مارگلہ کی پہاڑیوں پر واقع ٹریلز پاکستانیوں ہی نہیں غیر ملکیوں میں بھی مقبول ہیں جہاں عام آدمی کے ساتھ ساتھ سیاستدان، سفارتکار اور بیوروکریٹ سبھی ہائیکنگ کرنے آتے ہیں۔

عوام میں یہ پہاڑی راستے بہت مقبول ہیں جہاں آ کر وہ خود کو ذہنی اور جسمانی طور پر چاق و چوبند محسوس کرتے ہیں۔ ریڈ زون کے بالمقابل شاہراہ مارگلہ کے اختتام پر واقع ٹریل 5 میں مون سون کی بارشوں کے بعد چشمے ابل پڑتے ہیں جس کے سبب پکنک منانے کے خواہشمند اپنے دوستوں اور احباب کے ہمراہ بڑی تعداد میں یہاں کا رخ کرتے ہیں۔ گھنے جنگلات سے گھری پہاڑی پگڈنڈیاں کئی مقامات پر باہم مل جاتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

کرونا کے سائے میں اسلام آباد میں میوزک کنسرٹ کا انعقاد

ٹریلز سینکڑوں پرندوں کا مسکن

ٹریل 5 کئی لحاظ سے انفرادیت کی حامل ہے۔ یہاں میٹھے پانی کے مترنم چشموں کے علاوہ کیمپنگ سائیٹس، انواع و اقسام کے درجنوں درخت اور جڑی بوٹیاں پائی جاتی ہیں جن پر طوطوں اور چڑیوں سمیت مختلف اقسام کے تقریباً 350 پرندوں کا بسیرا بھی ہے جبکہ ہجرت کرکے آنے والے پرندے بھی کچھ عرصے کے لیے یہاں قیام کرتے ہیں۔

 ٹریلز کا پرفضا مقام کئی جانوروں کا گھر ہے

مارگلہ کی پہاڑیوں پر بسا جنگل چیتے، ہرن، بندر، لومڑیوں اور گیدڑ سمیت 38 چوپایوں اور 32 حشرات کا مسکن بھی ہے۔

پلاسٹک فری ٹریل اور ذمہ دار شہریوں کا قابل تقلید طرز عمل

ٹریل 5 پر پلاسٹک کے شاپنگ بیگز اور دیگر اشیاء لانے کی سختی سے ممانعت ہے۔ اس طرح یہ اسلام آباد کا پہلا پلاسٹک فری ٹریل ہے۔ مگر اس کے باوجود جہاں کچھ لاپروا افراد یہاں کچرا پھینک جاتے ہیں وہاں یہ خوش آئند بات ہے کہ کچھ ایسے ذمہ دار شہری بھی ہیں جو اس بات کا انتظار نہیں کرتے کہ کوئی خاکروب یہاں صفائی کرے گا بلکہ وہ ہائیکنگ کے دوران ماحول کو بدنما بناتے پلاسٹک کے شاپرز اور دیگر اشیاء سمیٹ کر ہمراہ لے جاتے ہیں۔ ان کے اس اقدام کے سبب ٹریل 5 نہ صرف صاف ستھرا رہتا ہے بلکہ یہ ہمیں صفائی ستھرائی کے حوالے سے ہماری ذمہ داریاں بھی یاد دلاتے ہیں۔ اس قدرتی ٹریل میں کچنار، دیودار، بیر اور دیگر اقسام کے درخت پائے جاتے ہیں۔

ٹریل فائیو کا دل فریب ماحول

گھنے جنگل میں چشمے کے ساتھ ساتھ ساتھ پہاڑی بلندیوں کی جانب جاتا ہوا راستہ، یہاں آنے والوں کے حوصلے آزماتا ہے، پرندوں کی چہچہاہٹ، پھولوں کی مہک اور موسم بہار میں پیڑوں پر چٹکتی کونپلیں سیربینوں کا استقبال کرتی ہیں۔

ٹریل سے پیر سوہاواتک کا راستہ

ایک مرتبہ ٹریل 5 آنے والا ہمیشہ کے لئے یہاں کا اسیر ہو جاتا ہے، ٹریل 5 پر چلتے جائیں تو 2 ڈھائی گھنٹے کی مسافت کے بعد تفریح بھی ہوجاتی ہے ورزش بھی اور پیرسوہاوا بھی پہنچ جاتے ہیں جہاں "مونال” ہوٹل بھی واقع ہے۔ سارے رستے دل فریب نظارے اور خوش رنگ وخوش گلو پرندے آپ کا استقبال کرتے ہیں۔ ٹریل 5 سے ملحقہ اسٹالز سے گڑ والی چائے اور لذیذ پکوڑے بھی کھائے جا سکتے ہیں۔

کرونا وائرس اور اسلام آباد کی ٹریلز

کرونا کی تیسری لہر کے سبب اسلام آباد کی تمام ٹریلز خصوصاً ٹریل 5 پر سیربینوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے مگر فطرت پر انسانی مداخلت کم ہونے کا مثبت اثر پڑا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس سے پرندوں اور جانوروں کی افزائش نسل بہتر   ہوئی ہے۔ کرونا کی حالیہ صورتحال میں ٹریلز اسلام آباد کے شہریوں کے لیے بہترین تحفہ ہیں جہاں وہ تفریح اور ورزش دونوں کا لطف اٹھا سکتے ہیں یعنی صحت اور تفریح ساتھ ساتھ۔

متعلقہ تحاریر