سعید غنی صارفین کو رمضان سیل کا پیغام بھیجنے لگے؟

سعد صدیقی نے ٹوئٹر پر سعید غنی کا پیغام شیئر کرتے ہوئے صوبائی وزیر کو مخاطب کردیا۔

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی اور مشہور بیوٹی برانڈ سعید غنی کے درمیان تفریق کرنے میں موبائل فون صارفین الجھن کا شکار ہونے لگے ہیں۔

اگر آپ کے موبائل فون کی اسکرین پر اچانک سعید غنی کے نام سے ایک پیغام جگمگائے تو پہلا خیال آپ کے ذہن میں کیا آئے گا؟ یہی نہ کہ صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کا میسج آپ کو کیسے آسکتا ہے؟ لیکن ان دنوں متعدد موبائل فون صارفین کے ساتھ کچھ ایسا ہی ہورہا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر رہنما پیپلز پارٹی مرتضیٰ وہاب کے بھائی سعد صدیقی نے ایک ٹوئٹ کیا جس میں انہوں نے اپنے موبائل فون کا اسکرین شاٹ شیئر کیا جس پر پیغام میں نمایاں طور پر سعید غنی کا نام لکھا آرہا تھا لیکن تفصیلات پڑھنے پر معلوم ہوا کہ یہ بیوٹی برانڈ سعید غنی کا اشتہاری پیغام ہے۔ ٹوئٹ پر تبصرے میں سعد صدیقی نے وزیر تعلیم سعید غنی کو مخاطب کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ جب انہیں یہ پیغام ملا تو فوری طور پر وہ سمجھے کہ کوئی اہم کام ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ماسک کا مذاق یوٹیوبرز کو ملک بدر کراسکتا ہے

ٹوئٹ پر کمنٹ میں ایک اور صارف نے بھی اپنا میسج شیئر کیا جو انہیں بیوٹی برانڈ سعید غنی کی جانب سے موصول ہوا تھا۔ صارف نے اپنا تجربہ بیان کرتے ہوئے لکھا کہ اچانک ایس ایم ایس پر پہلی مرتبہ انہیں بھی یہی گمان ہوا کہ وزیر تعلیم انہیں ذاتی طور پر پیغام کیسے بھیج سکتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر اکثرو بیشتر اس حوالے سے مزاحیہ تبصرے بھی کیے جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ متعدد سوشل میڈیا صارفین بیوٹی برانڈ سعید غنی کو صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کا برانڈ سمجھتے ہیں۔

متعلقہ تحاریر