ملتان میں چھ سگے بھائی ایک ساتھ چھ سگی بہنیں بیاہ لائے
ملتان میں چھ سگی بہنوں کی یہ پسند کی شادی ہوئی ہے، والدین نے بیٹیوں کے اصرار پر شادی کی یہ اجتماعی تقریب بڑے دھوم دھام سے سجائی۔
ملتان کے ایک گھرانے میں والدین نے چھ بیٹیوں کے اصرار پر ان کی پسند کے لڑکوں سے اجتماعی شادیاں کرادیں۔نیوز تھری سکسٹی کے مطابق ملتان میں یہ انوکھی شادیاں لڑکیوں کے اپنے چچا کے چھ بیٹوں سے ہوئی ہیں۔
اجتماعی شادی کے پرمسرت موقع پر چھ بیٹیوں کے والد ظہور بخش بے حد خوش دکھائی دیئے۔
یہ بھی پڑھیئے
ظہور بخش کا کہنا تھا کہ ہمیشہ ہمارے خاندان میں شادی کی اجتماعی تقریب کی روایت رہی ہے۔ اس مرتبہ بھی ہم نے اپنے آباؤاجداد کی روایت کو زندہ رکھا ہے۔ میرا ماننا ہے کہ اجتماعی شادیوں کے نتیجے میں غیر ضروری اخراجات سے بچت ہوسکتی ہے۔
اجتماعی شادی کے موقع پرایک دلہن کا کہنا تھا کہ ویسے تو ہم چھ بہنیں ہیں اور ہم سب خوش ہیں کہ ہماری شادی ایک ساتھ ہوئی ہے۔ایک دولہے میاں کا بھی شادی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم عائلی نظام کے تحت رہتے ہیں، مجھے امید ہے اب ہمارا خاندان مزید مضبوط ہوگا۔
ایک اور دولہے نے ساجد نے کہا کہ سب بھائی ایک ہی گھر میں رہتے ہیں جبکہ دوسرے دولہے شفیق نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں سب بھائیوں میں اتفاق کیلئے دعا گو ہوں۔