چیرن جیوی کیا نہیں کر پائے جو رجنی کانت کرجائیں گے؟
رجنی کانت نے تمل ناڈو میں سیاسی جماعت کے قیام کا اعلان کیا ہے جس کے مقاصد بھی چرن جیوی کی سیاسی جماعت سے مماثلت رکھتے ہیں
معروف انڈین اداکار رجنی کانت نے بالآخر وہ فیصلہ کرلیا ہے جس کا انتظار اُن کے مداحوں کو کافی عرصے سے تھا۔ اُنہوں نے سیاست میں قدم رکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اپنی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کیا ہے۔
رجنی کانت نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی ریاست تامل ناڈو میں کرپشن سے پاک حکومت لانا چاہتے ہیں۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا جو کام چرن جیوی نہیں کر سکے کیا وہ کام شیوا جی راوگائیکواڈ المعروف رجنی کانت کر پائیں گے؟
چرن جیوی نے 2008ء میں ریاست آندرا پردیش میں پراجا رجیام نامی سیاسی جماعت کی بنیاد رکھی تھی۔ اپنی جماعت بنانے کے وقت اُن کا ایجنڈا سوشل جسٹس تھا۔ 2009ء کے عام انتخابات میں اُن کی جماعت نے آندرا پردیش کی ریاستی اسمبلی میں 259 میں سے 18 نشستیں جیتی تھیں۔ وہ ریاست کے وزیر بھی منتخب ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیے
بالی وڈ ڈائریکٹر کو کچرا پھیلانے پر اظہارِ وجوہ کے نوٹس جاری
چرن جیوی کا تیلگو سنیما میں وہی مقام ہے جو تامل فلموں میں رجنی کانت کا ہے۔ اُنہوں نے سوشل جسٹس کے نام پر سیاسی جماعت بنائی لیکن اُن کو اُس مقصد میں خاص کامیابی حاصل نہیں ہوپائی ہے۔
اب رجنی کانت نے تمل ناڈو میں سیاسی جماعت کے قیام کا اعلان کیا ہے جس کے مقاصد بھی چرن جیوی کی سیاسی جماعت سے مماثلت رکھتے ہیں۔
رجنی کانت نے اگلے ماہ جنوری میں اپنی سیاسی جماعت کے قیام کا بھی اعلان کیا جو آئندہ سال ہونے والے ریاستی انتخابات میں حصہ لے گی۔
رجنی کانت نے اعلان کیا تھا کہ وہ ایک ایسی کونسل بنائیں گے جو ایک نوجوان اور باصلاحیت وزیر اعلیٰ کا انتخاب کرے گی۔ حکومت کی کارکردگی پر نظر رکھے گی۔
رجنی کانت نے ٹوئٹر پر ایک مختصر بیان میں کہا کہ وہ بدعنوانی سے پاک، ایماندار، شفاف اور سیکولر جماعت کی بنیاد رکھیں گے اور اُن کی جماعت یقیناً آئندہ الیکشن میں فتح حاصل کرے گی۔
انہوں نے روحانی سیاست کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مطلب ایماندارانہ اور بدعنوانی سے پاک سیاسی جماعت ہوگی۔
یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ انڈین فلم انڈسٹری کا کوئی ستارہ سیاست میں آیا ہو۔ اِس سے قبل کئی اداکار اور اداکارائیں فلموں میں اداکاری کے بعد سیاست میں قدم رکھ چکے ہیں۔ تاہم ایسا بہت کم ہوا ہے کہ کسی نے اپنی الگ سیاسی جماعت قائم کرنے کا اعلان کیا ہو۔
چرن جیوی کی سیاسی جماعت کے بعد رجنی کانت کی سیاسی جماعت سے اُن کے مداحوں کو کافی امیدیں وابستہ ہیں تاہم سیاسی ناقدین یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ رجنی کانت کو فلموں کی طری سیاست کا تجربہ نہیں ہے۔ اِس لیے اُنہیں سیاسی جماعت کے قیامکے بعد کئی چیلینجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔