کراچی: بااثر بلڈر سے بھتہ مانگنے پر ایس بی سی اے کے 3 سینئر انسپکٹرز گرفتار
ملزمان نے ایم اے جناح روڈ پر زیر تعمیر عمارت کیلیے 40 لاکھ روپے بھتا مانگا تھا، 5 لاکھ روپے وصول کرچکے تھے، بقایا رقم لینے پہنچے تو پکڑے گئے، گرفتار ملزمان میں 3 سینئرانسپکٹرز عمیر کریم، امین اور ظفر عرف سپاری شامل، ڈپٹی ڈائریکٹر اویس حسین اور ضیا عرف کالا فرار ہوگئے، مقدمہ درج
کراچی میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے رشوت خور افسران کو صدر کنٹونمنٹ میں بااثر بلڈر سے بھتہ طلب کرنامہنگا پڑگیا۔
پریڈی پولیس نے بااثر بلڈر سے 40 لاکھ روپے بھتہ مانگنے والے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے 3 سینئر انسپکٹرز کو گرفتار کرکے بھتہ خوری اور دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹرسمیت 2 ملزمان فرار ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی میں رواں سال ڈکیتی مزاحمت پر 61 افراد قتل، 289 زخمی ہوگئے
شاہراہ فیصل کراچی پر نامعلوم مسلح ملزمان کی گاڑی پر فائرنگ، 4 افراد زخمی
کراچی کے علاقے صدر میں زیر تعمیر عمارت کے بلڈر سے 40 لاکھ روپے بھتا مانگنے پر پریڈی پولیس نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے 3 سینئر انسپکٹرز کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق گرفتار افسران میں ایس بی سی اے کے 3 سینئر بلڈنگ انسپکٹر عمیر کریم، امین اور ظفر عرف سپاری شامل ہیں جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر سید اویس حسین اور ضیا عرف کالا فرار ہیں۔
گرفتار اور فرار ملزمان نے ایم اے جناح روڈ پر زیر تعمیر عمارت کے بلڈر سے 40 لاکھ روپے بھتا مانگا تھا اور پہلے مرحلے میں 5 لاکھ روپے وصول کیے گئے، ملزمان بھتے کی بقایا رقم لینے پہنچے تو انہیں گرفتار کرلیا گیا۔
واقعہ کا مقدمہ سید بلال نجیب کی مدعیت میں پریڈی تھانے میں درج کیا گیا ہے، مقدمے میں بھتا خوری اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق بااثر بلڈر صدر کنٹونمنٹ میں عمارت تعمیر کررہا تھا جبکہ ایس بی سی اے کے افسران اس کی پہنچ سے لاعلم تھے اور انکی لاعلمی ہی ان کی گرفتاری کی وجہ بنی ہے ورنہ ایس بی سی اے کے رشوت خور افسران کیلیے 40 لاکھ روپے کوئی بڑی رقم نہیں ہے۔