اسلام آباد میں بلی کو مارنے والے سابق سرکاری ملازم کی ضمانت منظور
پولیس کا کہنا ہے بلی کے اعضاء فرانزک ٹیسٹ کے لیے لاہور روانہ کردیے گئے ہیں مزید کارروائی نتائج کی بنیاد پر کی جائے گی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلی کو سفاکیت سے مارنے والے ملزم راجہ عبدالقیوم کی ضمانت عدالت نے منظور کرلی ہے۔ ملزم نے بلی کو پھانسی دے کر اپنے فلیٹ کے باہر لوہے کی سیڑھی کے ساتھ لٹکا دیا تھا۔
لوہی بھیر پولیس نے نے جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی خاتون انیلہ عمیر کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
امریکی بلاگر سنتھیا رچی پی ٹی وی کی میزبان مقرر
پولیس کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر میں اینیمل ایکٹ سمیت دفعہ 154 بھی شامل کی گئی ہے۔
سماجی کارکن انیلہ عمیر کا پولیس کو بتانا تھا کہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں ایک شخص نے سفاکی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بلی کو مار کر اپنے فلیٹ کے باہر لوہے کی سیڑھی پر لٹکا رکھا ہے۔
بلی کی لاش لٹکائے جانے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس پر شہریوں نے غم وغصہ کا اظہار کیا تھا اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے بھی اس واقعہ کا نوٹس لیا تھا۔
FIR registered and accused arrested. #AnimalRights pic.twitter.com/O0XOpXAplZ
— Usman Tipu (@usman_tipu) August 29, 2021
جانوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے بھی واقعے کی بھرپور مذمت کی ہے۔
شہریوں کا کہنا تھاکہ دبئی میں عمارت سے لٹکی ہوئی بلی کو چادر کی مدد سے زمین پر گرنے سے بچانے پر 4 افراد کو دبئی حکومت کی جانب سے 2 لاکھ درہم (90 لاکھ روپے) انعام کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ پاکستان میں ایک شہری کی جانب سے ایسا سفاکانہ رویہ اختیار کیا گیا کہ جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور میں بھی عائشہ ملک نامی خاتون کو بلیاں پالنے کی پاداش میں ان کی ہمسائی صائمہ تصور اور ان کے بیٹے بلال ملک کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
نیوز 360 کے نامہ نگار کی تازہ ترین اطلاعات کے مطابق بحریہ ٹاؤن فیز 5 کی رہائشی خاتون اور بلی کی مالکہ نے راجہ عبدالقیوم کے خلاف کیس واپس لے لیا ہے اور ان کی ضمانت بھی منظور کرلی گئی ہے۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے درخواست واپس لی ہے اور ملزم کی ضمانت بھی ہو گئی ہے، تاہم کیس اپنی جگہ موجود ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بلی پر تشدد ہوا تھا یا نہیں اس حوالے سے بلی کے اعضاء فرانزک ٹیسٹ کے لیے لاہور روانہ کردیے گئے ہیں۔ مزید کارروائی فرانزک ٹیسٹ کی رپورٹ کے بعد کی جائے گی۔