پاکستان، پولیو اور کورونا کو شکست دینے کے قریب
پولیو کا وائرس پاکستان اور افغانستان کے علاوہ دنیا کے دیگر تمام ممالک سے ختم ہوچکا ہے
پاکستان میں صحت کے شعبے میں اچھی خبریں سامنے آنے لگیں ہیں، عالمی وبا کورونا وائرس میں ایک ماہ میں سب سے کم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ رواں سال کے دوران پولیو کا صرف ایک کیس رپور ٹ ہوا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران چار فیصد کمی دیکھنے میں آئی ہے جو تیرا جولائی 2021 کے بعد سب سے کم ہے جبکہ گذشتہ سال کے 84 پولیو کے کیسز کے مقابلے میں رواں سال پولیو وائرس کا صرف ایک کیس رپورٹ ہوا ہے جو انتہائی خوش آئند ہے اس کے ساتھ حالیہ عالمی وبا کورو نا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد 40 افراد ہلاک ہوئے ہیں جو 26 جولائی 2021 کے بعد سب سے کم تعداد ہےدوسری جانب 72,986,511 افراد کو عالمی وباء کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین بھی لگائی جاچکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
کورونا وائرس ایک بار پھر زور پکڑنے لگا، عوام کو احتیاط کی ضرورت
دنیامیں پاکستان، افغانستان کے بعد دوسرا ملک ہے جہاں پولیو کا وائرس پایا جاتا ہے حکومت اس خطرناک وائرس سے نجات کےلئے غیر معمولی اقدامات کررہی ہے اور ان کوششوں کے باعث پاکستان آج اس مقام پر آگیا ہے جہاں اس وائرس کا مکمل خاتمہ ہونے والا ہے۔
گذشتہ سال پاکستان میں پولیو وائرس کے 84 کیسز سامنے آئے تھے تاہم رواں سال ملک بھر سے صرف ایک کیس رپورٹ ہواہے، اس وائرس سے مکمل نجات کیلئے ملک بھر میں پولیو مہم شروع کردی گئی ہے جس میں 5 سال سے کم عمر کے ایک کروڑ چالیس لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے جس کیلئے ملک بھر میں دو لاکھ نوے ہزار پولیو ورکز اپنی خدمات انجام دیں گے۔
واضح رہے کہ پولیو کا وائرس پاکستان اور افغانستان کے علاوہ دنیا کے دیگر تمام ممالک سے ختم ہوچکا ہے تاہم ماہرین توقع کررہے ہیں کہ بہت جلد اس وائرس کامکمل خاتمہ ہوجائے گا۔