اسکوڈا اور واکس ویگن کی گاڑیاں پاکستان میں فراٹے بھریں گی
یورپین کمپنیز کا پریمیئر موٹرز کے ساتھ معاہدہ ہوگیا، اسمبلی پلانٹ پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔
پاکستان میں چینی کار کمپنیز کی دلچسپی کے بعد اسپورٹس یوٹیلٹی ویکلز(ایس یو ویز) کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے اور یورپین کار کمپنیز نے بھی ملک میں گاڑیوں کی مارکیٹ پر نظریں جما لی ہیں۔
فرانسیسی آٹوموٹیو کمپنی پی ایس اے گروپ کی پاکستان میں آمد کے بعد واکس ویگن گروپ نے بھی ملک میں ایس یو ویز اور دوسری گاڑیاں بنانے کے لیے پریمیئر موٹرز کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
گاڑیاں بنانے والی کمپنی فورڈ نے بھارت میں اپنے پلانٹ بند کردیے
پریمیئر موٹرز لمیٹڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ بلوچستان کے علاقے حب میں ایک اسمبلی پلانٹ لگائے گی جہاں واکس ویگن اور اسکوڈا کی گاڑیاں اسمبل کی جاسکیں گی۔
کمپنی نے جولائی کے مہینے میں مقامی اسمبلی پلانٹ کے قیام کی بنیاد رکھی جس پر تعمیراتی کام زور و شور سے جاری ہے، اس پلانٹ میں سالانہ 30 ہزار گاڑیاں بنائی جائیں گی۔ پریمیئر موٹرز نے اے کے ڈی سیکیورٹیز کو مالیاتی مشاورت کے لیے تیسرے فریق کی حیثیت سے شامل کیا ہے جو کہ 100 ملین ڈالر مالیت کے نئے اسمبلی پلانٹ کے منصوبے کی تکمیل کو یقینی بنائے گا۔
تین ماہ قبل اسکوڈا موٹرز کے ایک وفد نے چیک ری پبلک کے دارالحکومت پراگ میں پاکستانی سفیر سے ملاقات کے دوران پاکستانی منڈی میں اپنی دلچسپی ظاہر کی تھی۔
سفیر نے کمپنی کے نمائندوں کو پاکستانی کار مارکیٹ میں حالیہ پیش رفت سے آگاہ کیا تھا۔ نمائندوں نے پاکستان کی تیزی سے بڑھتی ہوئی مارکیٹ کا حصہ بننے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ نئے اسمبلی پلانٹ سے بننے والی گاڑیاں 2023 کے وسط تک پاکستان کی سڑکوں پر نظر آئیں گی۔