مینار پاکستان واقعہ، ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کو لینے کے دینے پڑ گئے
پولیس نے عائشہ اکرم کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے پیکا ایکٹ کے تحت کارروائی شروع کردی۔
رواں سال جشن آزادی کے موقع پر لاہور کے گریٹر اقبال پارک (مینار پاکستان) کے مقام پر مردوں کی جانب سے ہراسگی کا شکار ہونے والی ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کے گرد بھی پولیس نے گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پولیس حکام نے پیکا ایکٹ کے تحت کارروائی کے لیے لیگل ڈیپارٹمنٹ سے رائے مانگ لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مینار پاکستان ہراسگی کیس میں نیا موڑ آگیا، پولیس نے عائشہ اکرم کے خلاف کارروائی کیلئے پیکا ایکٹ کے تحت لیگل ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
گریٹر اقبال پارک واقعہ: عائشہ نے عورت مارچ والوں کو شرمندہ کردیا
سکھر کسٹم حکام کی کارروائی ، 10 کروڑ روپے کی آرٹیفیشل جیولری ضبط
پولیس حکام کا کہنا ہے اگر پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ ثابت ہوگیا تو عامر سہیل عرف ریمبو اور ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کو 7 سال کی سزا ہو سکتی ہے۔
عامر سہیل عرف ریمبو کے موبائل فون سے برآمد ہونے دو آڈیو ریکارڈنگ سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ریمبو اور عائشہ نے مرضی کے ساتھ قابل اعتراض ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کی تھیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مرضی سے ویڈیوز بنوانا اور پھر اسے سوشل میڈیا پر وائرل کرنا جرم ہے، ٹک ٹاکر عائشہ اکرم اور ریمبو کی قابل اعتراض ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جس کی پیکا ایکٹ کے تحت سات سال کی سزا ہوسکتی ہے۔
اصل واقعہ
رواں سال 14 اگست جشن آزادی کے موقع پر گریٹر اقبال پارک میں معروف ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کو 300 سے 400 افراد کی جانب سے جنسی ہراسگی کا نشانہ بنایا گیا۔ خاتون کے جسم کو نوچا گیا ، ہوا میں اچھالا گیا، کپڑوں کو تار تار کیا گیا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطح تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے رپورٹ طلب کی تھی اور واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات کی تھیں۔
عائشہ اکرم کا پولیس کو بیان
چند روز قبل ٹک ٹاکر عائشہ اکرم نے ڈی جی آئی انوسیٹی گیشن شارق جمال کو بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس کے ساتھ ریمبو کے پاس اس کی کچھ مبینہ فحش ویڈیوز موجود ہیں جس کی بنا پر وہ مجھے بلیک میل کرتا ہے۔ بیل میلنگ کے ذریعے ریمبو اور اس کے 12 ساتھی مجھ سے 10 لاکھ روپے بٹور چکے ہیں جبکہ میری تنخواہ کا آدھا حصہ بھی ریمبو کو مجھے دینا پڑتا ہے۔
عائشہ اکرم نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ مینار پاکستان پر جانے کا پلان بھی ریمبو اور اس کے ساتھیوں کا تھا۔ اس بیان کے بعد پولیس نے ریمبو اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار کرلیا تھا۔
ریمبو اور عائشہ کی آڈیو لیک
ڈی جی آئی انویسٹی گیشن شارق جمال کا کہنا تھا کہ دوران تفتیش ریمبو کے موبائل فون سے دو آڈیو بیان سامنے آئے ہیں جن میں عائشہ اور ریمبو ، مینار پاکستان واقعے میں ملوث ملزمان سے پیسے وصول کرنےکی پلیننگ کررہے ہیں۔ جبکہ دوسری آڈیو میں ریمبو عائشہ کو دھمکی دےرہا ہے۔