گیس کے بعد پیٹرولیم مصنوعات بھی 10روپے فی لیٹر مہنگی ہونےکا امکان

حکومت کی جانب سے گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا عندیہ دے دیا گیا ہے جبکہ وزیرخزانہ نے بھی خطرے کی گھنٹی بجادی ہے

ایک جانب وفاقی حکومت گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمت کم ازکم 35 فیصد تک  بڑھانے کی تیاریوں میں مصروف ہے، اوگرا نے بھی حکومت سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10روپے فی لیٹر تک اضافہ کرنے کی سفارش کردی ہے دوسری جانب وزیرخزانہ شوکت ترین نے بھی عوام کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی، انھوں نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے قرض پروگرام کی بحالی کے لیے ابھی مزید کڑوے گھونٹ پینا ہوں گے۔

ذرائع سے حاصل اطلاعات کے مطابق حکومت کی عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے سامنے بے بسی ایک بارپھر ظاہر ہوگئی ہے۔  وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط پر سنجیدگی سےغورکرتے ہوئے نومبر2021 سے گھریلو صارفین کے لیے گیس کے بل میں 262 سے 9128 روپے کا اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

شرح سود میں اضافے پر صنعتی اور تاجر برادری چراغ پا

مالی سال کی پہلی سہ ماہی ، گاڑیوں کی فروخت میں81 فیصد اضافہ

عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے ساتھ  مذاکرات کے لیے دورہ امریکہ کے موقع پرواشنگٹن میں امریکی ادارہ برائے امن کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت کی سمت درست کرنے کے لیے مشکل فیصلے کرنا ہوں گے، بجلی اور گیس پر سبسڈی ضرور ختم کرنی ہے مگر جلد بازی نہیں کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ یہ درست ہے کہ ملکی معیشت کی سمت درست کرنے کے لیے ابھی بھی مشکل فیصلے کرنا ہوں گے،  پاکستان اصلاحاتی ایجنڈے پر کام کررہا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ پسماندہ طبقات کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے گا۔

مہنگائی کے ہاتھوں بے بس عوام   وزیرخزانہ شوکت ترین  کے بیان کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے تک کے اضافے کے امکان پر مزید پریشان  نظر آرہے ہیں ،  ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ  کے سامنے بہت جلد یہ تجویز پیش کی جائے گی کہ نومبر 2021 سے فروری 2022 تک گیس کے گھریلو صارفین کے لیے گیس کی سبسڈی محدود کی جائے گی اور گیس کے بلوں میں اضافہ کیا جائے گا۔ حکومت پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات اکتوبر 2021 کے وسط میں ہونا ہیں اور حکومت پاکستان کو اس سلسلے میں آئی ایم ایف کو رام کرنے کے لیے سبسڈی کا حجم کم کرنا ہے۔

دوسری جانب ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ  وفاقی حکومت   کی جانب سے گیس کے بعد پیٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں بھی غیر معمولی اضافے کا امکان ہے، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اٹھارٹی (اوگرا )نے  پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے تک اضافے کی تجویز  حکومت کو ارسال کردی ہے ، سمری  میں  پٹرول کی قیمت میں 5 روپے 90 پیسے فی لٹر اضافے کی تجویزدی گئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے فی لٹر  اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

 قیمتوں میں اضافے کی حتمی منظوری وزیر اعظم عمران خان دیں گےنئی قیمتوں کا اطلاق وزارت خزانہ کے نوٹیفیکیشن کے بعد ہو گاتاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرولیم لیوی اور سیلز ٹیکس کم کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ تحاریر