پی پی رہنما سید خورشید شاہ سینٹرل جیل سے رہا، کارکنان کا شاندار استقبال

سید خورشید شاہ کو ناجائز اثاثہ جات کیس میں ایک کروڑ روپے کے مچلکے کے عوض میں ضمانت پر رہا کیا گیا ہے۔

کاغذات پر دستخط کے بعد پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید شاہ کو سینٹرل جیل سے ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔ جیالوں نے اپنے رہنما کا شاندار استقبال کرتے ہوئے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی ہیں۔

پی پی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ کی سینٹر جیل سے رہائی اور انکے والہانہ استقبال کیلئے پی پی جیالوں کے قافلے سکھر سینٹرل جیل کے باہر پہلے ہی پہنچ گئے تھے۔ رہائی کے بعد کارکنان کی جانب سے خورشید شاہ کے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی۔

یہ بھی پڑھیے

کالعدم تحریک اور حکومت کے درمیان برف پگھلنے لگی

پی پی کے مرکزی رہنما خورشید احمد شاہ کی سینٹر جیل سے رہائی کے موقع پر کارکنان کے قافلے نصیر گوپانگ، برکت علی بروہی، نعیم بروہی، حس بخش سموں، زین بلوچ، ثناء اللہ گوپانگ، سہیل شیخ و دیگر کی قیادت میں پہنچے۔

اس موقع پر شرکاء نے سید خورشید شاہ کے حق میں نعریبازی، عدلیہ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اظہار تشکر کیا۔ شہریوں کی جانب سے قافلے کے شرکاء پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور خورشید شاہ کی رہائی کی خوشی میں جیالوں کو مبارکباد پیش کی گئیں۔ قافلے کے شرکاء میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔

اس موقع پر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ خورشید شاہ کی رہائی حق و سچ کی فتح ہے۔ عدلیہ کے فیصلے سے عوام کا عدلیہ پر اعتماد بحال ہوا ہے، پی پی جیالوں نے اپنے محبوب اور عوامی لیڈر سید خورشید شاہ کو والہانہ انداز میں ان کی رہائش گاہ تک پہنچایا۔

متعلقہ تحاریر