پاکستان ، نیوزی لینڈ سے حساب برابر کرنے کے لیے تیار
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کے سپر 12 مرحلے کے 7ویں میچ میں شاہینز آج کیویز کے خلاف میدان میں اتریں گے۔
دورہ نیوزی لینڈ اور دورہ انگلینڈ کو متلوی کرانے کی سازش تیار کرنے والے بھارت کو شکست دینے کے بعد پاکستان آج سازش کا حصہ بننے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کے سپر 12 مرحلے کے اپنے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف میدان میں اترےگا۔
رواں ستمبر میں پاکستان کے دورے پر آئی نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 17 ستمبر کو دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے ون ڈے سیریز کے پہلے میچ سے چند گھنٹے قبل سیکورٹی کا بہانہ بنا کر دورہ منسوخ کردیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان کے خلاف سازش کرنے والے بھارت کو عبرتناک شکست
بھارت کے خلاف تاریخ ساز فتح ، دنیا بھر سے مبارکباد کے پیغامات
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلی جانی تھی جبکہ 5 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز 25 ، 26 ، 29 ستمبر ، یکم اکتوبر اور 3 اکتوبر کو کھیلی جانی تھی۔
نیوزی لینڈ کے دورے کی منسوخی کے بعد انگلش کرکٹ بورڈ نے بھی 20 ستمبر 2021 کو دورہ پاکستان منسوخ کردیا تھا۔ تاہم 29 ستمبر کو اپنے ایک بیان میں چیئرمین انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ این و اٹمور نے معذرت کرتے ہوئے اگلے سال دورہ پاکستان کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ٹیم کے دورے کی منسوخی سے جس کا دل دکھا ہے ہم معذرت چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بورڈ نے سیزن کی مصروفیات کی وجہ سے ذہنی تندرستی کے لیے فیصلہ کیا جو کہ بہت مشکل تھا۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جانے تھے لیکن اس صورتحال میں خطے کا دورہ کرنا پلیئرز کے لیے آئیڈیل نہیں۔
ان دوروں کی منسوخی پر کرکٹ پنڈتوں کا کہنا تھا کہ ستمبر میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنی تھی جبکہ اکتوبر کے شروع میں انگلینڈ نے 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز پاکستان کے خلاف کھیلنی تھی۔ دونوں ٹیموں کے دورے منسوخ ہونے سے پاکستان کو بین الاقوامی طور پر پریکٹس کا موقع نہیں ملا تھا جوکہ ورلڈ کپ میں ان کی کارکردگی کو متاثر کرسکتی ہے۔
ٹیموں میں موازنہ
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ سے ایک درجے بہتر پوزیشن پر کھڑی ہے۔
میچ کے اوقات
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے آج ہونے والے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ آمنے سامنے ہوں جبکہ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آپس میں ٹکرائیں گی۔









