جام کمال خان پولیس سے الوداعی سلامی لے کر رخصت ہوگئے

سابق وزیراعلیٰ نے سی ایم سیکرٹریٹ میں افسران اور اسٹاف سے آخری ملاقات کی، سلامی کے بعد روانہ ہوگئے۔

سابق وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کی وزیراعلی سیکرٹریٹ کے افسران اور اسٹاف کے ساتھ سی ایم ہاؤس میں الوداعی ملاقات، ملاقات میں وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کے پرنسپل سیکرٹری، اسپیشل سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ افسران سمیت سٹاف کی شرکت۔

سابق وزیر اعلیٰ نے تمام اسٹاف اور افسران کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ ہم نے کوشش کی کہ سیکرٹریٹ کے امور کو احسن انداز میں چلایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیے

جام کمال خان مستعفی: نئے سیٹ اپ کے لیے جوڑتوڑ شروع

بلوچستان میں نقصان کی ذمہ دار بی اے پی اور پی ٹی آئی ہوگی، جام کمال

انہوں نے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کے افسران اور دیگر سٹاف کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، اُن کے اعزاز میں پولیس کے خصوصی دستے نے الوداعی سلامی پیش کی۔

اس موقع پر پرنسپل سیکرٹری اور وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کے سٹاف کی جانب سے سابق وزیر اعلیٰ کو سوینئر اور روایتی قالین کا تحفہ دیا گیا۔

الوداعی ملاقات کے بعد سابق وزیراعلیٰ سی ایم سیکرٹریٹ سے روانہ ہوگئے۔

دوسری جانب نامزد وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے ہیں۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعلیٰ جام کمال خان کے خلاف بلوچستان اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد جمع کروائی گئی تھی۔ 25 اکتوبر کو ووٹنگ ہونا تھی لیکن اس سے ایک روز قبل ہی انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

متعلقہ تحاریر