پٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال کی دھمکی، ملک میں ایندھن بحران کا خدشہ

چیئرمین پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق حکومت نے ان کے مطالبات نہ مانے تو 5 نومبر سے ملک گیر ہڑتال کریں گے۔

آل پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ اگر حکومت ان کے مطالبات نہ مانے تو 5 نومبر سے ملک گیر ہڑتال کریں گے، جس کے بعد ایک مرتبہ پھر پیٹرول اور ڈیزل کی قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

کلعدم تنظیم، تاجروں اور مہنگائی کے خلاف سیاسی جماعتوں کے ملک گیر احتجاج میں گھری تحریک انصاف حکومت کے لیے ایک اور امتحان۔ اسلام آباد میں آل پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے پریس کانفرنس کی۔ چیئرمین پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن عبدالسمیع خان نے کہا کہ  اگر حکومت نے فوری طور پر ان کا مارجن نہ بڑھایا گیا تو کاروبار بند کردیں گے۔

یہ بھی پڑھیے

حکومت کی سگریٹ اور کولڈ ڈرنکس پر ہیلتھ ٹیکس لگانے کی تیاری

میڈیا ہاؤسز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر جھوٹی خبریں پھیلانے لگے

آل پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے  5 نومبر سے ملک گیر احتجاج اور ہڑتال کی دھمکی دے دی ہے اور اس سے خدشہ ہے کہ اگر ایسا ہوا تو 5 نومبر سے ملک بھر میں پٹرول اور ڈیزل کی ڈسٹری بیوشن متاثر ہوگی۔

عبدالسمیع خان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ڈیلرز مارجن 5 فیصد کرنے کا وعدہ پورا نہیں کیا، پٹرولیم ڈیلرز مارجن قیمت فروخت کا 6 فیصد کیا جائے، پٹرولیم ڈیلرز مارجن نہ بڑھانے  کی صورت میں 5 نومبر سے  سپلائی بند کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر توانائی کی دعوت ملی ہے مگر ان سے نہیں ملیں گے۔

چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ اب ہم خاموش نہیں رہیں گے حکومت اعلان کرے کہ ڈیلرز کے مارجن میں اتنا اضافہ کیا جائے گا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی صورت میں ہمارا مارجن بھی کم ہوگا۔

ان کا کہنا تھاکہ حکومت ٹیکسز اور لیوی میں عوام کو سہولت دے سکتی ہے، حکومت اگر مذاکرات میں سنجیدہ ہے تو متعلقہ لوگ ہمارے ساتھ بیٹھیں۔ عرصہ دراز سے ہماری کوشش ہے کہ ڈیلرز مارجن بڑھایا جائے، حکومت نے ڈیلرز مارجن بڑھانے کا وعدہ کیا مگر پورا نہ ہوا۔

متعلقہ تحاریر