وفاقی حکومت نے تحریک لبیک سے پابندی ہٹانے کی منظوری دیدی

وزارت داخلہ کی جانب سے وفاقی کابینہ کو ٹی ایل پی سے پابندی ہٹانے کی سمری ارسال کی گئی تھی۔

حکومتِ پاکستان نے سیاسی و مذہبی تنظیم تحریک لبیک پر سے پابندی ہٹانے کی منظوری دے دی ہے۔ وفاقی کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے جماعت پر سے پابندی ہٹانے کی منظوری دی۔

قبل ازیں وزارت داخلہ کی جانب سے وفاقی کابینہ کو ٹی ایل پی سے پابندی ہٹانے کی سمری ارسال کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم فہرست سے نکالنے کا عمل شروع

پاکستان اور کالعدم ٹی ٹی پی کے درمیان ایک ماہ کی جنگ بندی کا معاہدہ

سمری میں درج ہے کہ تحریک لبیک پاکستان نے آئندہ پرتشدد احتجاج نہ کرنے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔

یاد رہے کہ 4 نومبر کو پنجاب کی صوبائی کابینہ نے ٹی ایل پی کو کالعدم جماعتوں کی فہرست سے نکالنے کی سمری منظور کی تھی۔

چند دن پہلے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر مملکت علی محمد خان کی سربراہی میں حکومتی ٹیم نے ٹی ایل پی کے معاملے پر مفتی منیب الرحمان اور دیگر علما سے مذاکرات کیے تھے۔

دونوں فریقین کے مابین ہونے والے مذاکرات کے بعد کیے گئے معاہدے کے تحت تنظیم کے اب تک دو ہزار سے زائد کارکنان کو رہا کیا جا چکا ہے۔

تحریک لبیک پاکستان نے مختلف شہروں میں ہونے والے دھرنے ختم کردئیے ہیں لیکن وزیر آباد میں اب بھی ایسے کارکن موجود ہیں جو معاہدے پر عمل ہونے تک وہیں پر ہی قیام کرنے کا کہہ رہے ہیں۔

متعلقہ تحاریر