کریم بینزیما ساتھی فٹبالر کو بذریعہ سیکس ٹیپ بلیک میل کرنے کے مرتکب قرار
فرانسیسی عدالت نے کریم بینزیما کو ایک سال قید اور 75ہزار یورو جرمانے کی معطل سزا سنادی،اسٹرائیکر قومی ٹیم میں کھیل سکیں گے
فرانس کی عدالت نے فرانسیسی قومی فٹبال ٹیم اورہسپانوی کلب ریال میڈرڈ کے اسٹرائیکر کریم بینزیما کو سیکس ٹیپ کے ذریعے ساتھی فٹبالر کو بلیک میل کرنے کی سازش کا مرتکب قرار دے دیا۔
کریم بینزیما کو ساتھی فٹبالروالبوینا کو بلیک میل کرنے پر ایک سال قید اور 75ہزار یورو جرمانے کی معطل سزا سنادی۔ استغاثہ نے عدالت سے 10 ماہ قید کی استدعا کی تھی۔بینزیما کے وکلا نے عدالتی فیصلے کوحیرت انگیز قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف اپیل دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔عدالت نے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ بینزیما نے اپنے ساتھی فٹبالر کوجھوٹ اوردھوکہ دہی کے ذریعے بلیک میلرز کو پیسے دینے پر راضی کرنے کی کوشش کی۔
یہ بھی پڑھیے
اسرائیل اور یو اے ای فٹبال ورلڈکپ کی مشترکہ میزبانی کریں گے
سابق برطانوی کھلاڑی مائیکل اوون پاکستان فٹبال لیگ کے سفیر مقرر
فرانسیسی فٹبال فیڈریشن کے صدرنوئل لی گریٹ نے کہا ہے کہ سزا سنائے جانے کے باوجود بینزیما قومی ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھ سکتے ہیں جبکہ ہسپانوی کلب نے تاحال اس حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا تاہم کریم بینزیما نے بدھ کی رات چیمیئنز لیگ میں ریال میڈرڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے ایف سی شیرف کیخلاف میچ کھیلا اور ایک گول بھی اسکور کیا۔
کریم بینزیما پر 2015 میں ساتھی فٹبالر اور فرانسیسی ٹیم کے رکن والبوینا کو سیکس ٹیپ کے ذریعے بلیک میل کرنے کی سازش کا الزام عائد کیا گیا تھا۔اس اسکینڈل نے فرانسیسی فٹبال ٹیم کو شدید دھچکا پہنچایا تھا جبکہ کریم بینزیما کو قومی ٹیم سے 5 سال کیلیے باہر کردیا گیاتھا جبکہ والبوینا بھی اس اسکینڈل کے بعد قومی ٹیم کیلیے نہیں کھیل سکے۔
تاہم بینزیما کو رواں برس مئی میں یورو کپ2020 کے سلسلے میں فرانسیسی ٹیم میں واپس لایا گیا تھا جس کے بعد وہ اب تک قومی ٹیم کیلیے13میچزمیں 9 گول اسکور کرچکے ہیں جس کے باعث میں لیس بلیوس کی تاریخ میں وہ سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے 5ویں فٹبالر بن گئے ہیں ۔دوسری جانب لیگ کی سطح پر بھی بینزیما نے رواں سیزن میں شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اب تک وہ ریال میڈرڈ کیلیے 11 گول اسکور کرکے سال کے بہترین فٹبالر کے بیلن ڈی او ایوارڈ کی دوڑ میں شامل ہوگئے ہیں ۔
کریم بینزیما پر الزام ہے کہ انہوں نے 2015 میں اپنے ساتھی فٹبالر والبوینا کو سیکس ٹیپ کے ذریعے بلیک میل کرنے والے ملزمان کی مدد کی تھی تاہم بینزیما اس الزام کو مسترد کرتے آئے ہیں۔33 سالہ بینزیما سمیت 5 ملزمان کیخلاف گزشتہ ماہ فرانسیسی شہری میتھیو والبوینا سے تاوان لینے کی کوشش پر مقدمہ چلایا گیا تھا۔گزشتہ روز فیصلہ سنایا گیا تو کریم بینزیما اور والبوینا عدالت میں موجود نہیں تھے۔
جون 2015 میں فرانسیسی فٹبال ٹیم کے تربیتی کیمپ کے دوران پیش آئے واقعےسے متعلق پراسیکیوٹر ز کا کہنا ہے کہ بینزیما نے والبوینا اور بلیک میلرز کے درمیان ثالث بننے کی کوشش کی اور والبوینا پر دباؤ ڈالا کہ وہ بلیک میلرز کو پیسے ادا کریں ۔بینزیما ہمیشہ ان الزامات کی تردید کرتے آئے ہیں اور کہتے ہیں کہ وہ صرف بیلوینا کی مدد کررہے تھے۔بینزیما کے ساتھ شریک جرم ملزمان کو عدالت نے 18 ماہ سے لے کر ڈھائی سال تک قید کی معطل سزائیں سنائی ہیں۔
فرانسیسی فٹبالر والبوینا کے ساتھ بلیک میلنگ کا یہ سلسلہ 2015میں اس وقت شروع ہوا جب انہوں نے ایکسل انگوٹ نامی شخص کو ڈیٹا ٹرانسفر کیلیے اپنا موبائل فون دیا ۔انگوٹ کو فون پر والبوینا کی نامناسب ویڈیوز ملی تھیں۔ والبوینا نے انگوٹ اور شریک ملزم مصطفیٰ زواوئی پر الزام لگایا گیا کہ انہوں نے اس ڈیٹا کو عام کرنے کی دھمکی دے کر انہیں بلیک میل کرنے کی کوشش کی۔
اس سلسلے میں والبوینا نے پولیس سے مدد لی تو حکام نے ایک خفیہ اسٹنگ آپریشن کیا۔ جس کے دورا ن ایک نیا ملزم کریم زیناتی سامنے آیا جو بینزیما کے بچپن کا دوست تھا ۔ زیناتی نے بینزیما سے کہا کہ وہ اس سکیم میں ثالث کے طور پر کام کرے۔اکتوبر 2015 میں بینزیما نے قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ میں اپنے کمرے میں والبویناسے رابطہ کیا۔
بینزیماکا کہناہے کہ اس نے اپنے ساتھی کھلاڑی کو محض نامناسب ویڈیو کو ضائع کرنے میں مدد کرنے کی کوشش کی تھی اور اسے متنبہ کیا تھا کہ محتاط رہو، وہ بڑے، بڑے ٹھگ ہیں۔ فرانسیسی پولیس اس وقت فون کالز کو ٹیپ کر رہی تھی ۔استغاثہ کے مطابق بینزیما نے اپنے دوست سے کہا کہ وہ (والبوینا)ہمیں سنجیدگی سے نہیں لے رہا ہے۔ جس پر کریم زیناتی نے جواب دیا کہ ہم یہ مسئلہ حل کرنے کے لیے حاضر ہیں، اگر وہ ڈیل نہیں کرنا چاہتا توپھر ہمیں نمٹنا پڑے گا۔