ایف بی آر کے محصولات میں رواں مالی سال کے پہلے پانچ مہینوں میں 36.5 فیصد اضافہ
رواں مالی سال جولائی تا نومبرایف بی آر نے محاصل کے حصول میں 36.5فیصد ریکارڈ اضافہ حاصل کر لیا
فیڈرل بور ڈ آف ریونیو نے رواں مالی سال 22-2021 جولائی تا نومبر میں حاصل کردہ محصولات کی ابتدائی تفصیلات جاری کر دی ہیں جس کے مطابق ایف بی آر نے 2314 ارب روپے کا نیٹ ریونیوحاصل کیا ہے جو کہ اس عرصہ کے مقر ر کردہ ہدف 2016ارب روپے سے 298ارب زائد ہے۔ اس طرح گذشتہ سال اس عرصہ میں حاصل کردہ 1695 ارب روپے کے محصولات کے مقابلے میں 36.5 فیصد اضافہ حاصل ہوا ہے۔
ماہ نومبر کے 408 ارب روپے کے ریونیو ہدف کے تعاقب میں ایف بی آر نے ماہ نومبر میں 470 ارب روپے کا ریونیو حاصل کیا اور ہدف سے 62 ارب روپے زائد اکھٹے کئے جو کہ گذشتہ سال نومبرکے حاصل کردہ نیٹ ریونیو 348 ارب روپے کے مقابلے میں35.2فیصد زائد اضافہ ہے۔
ماہ نومبرکے آخری دن کے اختتام تک اور بک ایڈجسٹمنٹ کی مد میں حاصل ہونے والی وصولیوں کے بعدمحصولات کی تعداد میں مزیداضافہ متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیے
ایف بی آر کا حیدرآباد میں گودام پر چھاپہ، 172 بوری چینی برآمد
ایف بی آر کا سگریٹ کے بعد چینی پر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لگانے کا فیصلہ
اسی طرح گراس ریونیو گذشتہ سال جولائی – نومبر 2020 کے1783ارب روپے کے مقابلے میں اس سال 2437ارب روپے رہا اور 36.7فیصد اضافہ حاصل ہوا۔
جولائی – نومبر 2021 میں123 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کئے گئے جو کہ پچھلے سال اس عرصہ میں88 ارب روپے تھے، ریفنڈز کے اجراء میں40.5فیصد اضافہ حاصل ہوا ہے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ٹیکس سال 2020-21 میں 4.7 کھرب روپے کا ہد ف سے زائد ریونیو حاصل کرنے کے بعد ایف بی آر نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں بھی ہدف سے زائد محاصل کرنے کی وہی رفتار برقرار رکھی ہے اور رواں مالی سال پہلے چار ماہ میں ٹیکس ریونیو میں ریکارڈ اضافہ حاصل ہو اہے۔
پہلے چار ماہ میں ایف بی آر نے ہدف سے 233 ارب روپے زائد حاصل کئے ہیں یہ شاندار کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ایف بی آر رواں مالی سال کے 5829 ارب روپے کے ہدف کے تعاقب میں پر اعتماد انداز میں آگے بڑھتا نظر آرہا ہے باوجود اس کے کہ اس کے سامنے کرونا وبا کے باعث درپیش مشکلات، قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات اور مختلف ٹیکسوں میں دی گئی حکومت کی طرف سے چھوٹ کے عوامل بھی شامل ہیں۔