پاکستان ہاکی فیڈریشن کی نااہلی، گول کیپرز کو بنگلہ دیش کے ویزے نہ ملے

قومی ٹیم گول کیپرز کے بغیر روانہ، ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی کیلیے پہلے جونیئر ٹیم کے گول کیپرز کو شامل کیا گیا۔

پاکستان ہاکی اسکواڈ ڈھاکہ میں ہونے والی ایشین چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے بغیر کسی گول کیپر کے روانہ ہوگیا ہے، گول کیپرز کو ویزے نہیں مل سکے تھے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ نے بتایا کہ پاکستان کے دونوں گول کیپرز امجد علی اور مظہر عباس کو بنگلہ دیش کے لیے ویزا نہیں مل سکا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

مانچسٹر فٹبال میچ کے دوران جہاز سے ’’فری کشمیر‘‘ کا بینر لہرادیا گیا

کریم بینزیما ساتھی فٹبالر کو بذریعہ سیکس ٹیپ بلیک میل کرنے کے مرتکب قرار

آصف باجوہ نے کہا کہ غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے باقی اسکواڈ کو روانہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی کے طور پر جونیئر ورلڈکپ میں حصہ لینے والے عبداللہ اور وقار کو بنگلہ دیش بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سیکرٹری پی ایچ ایف کا کہنا تھا کہ کیونکہ عبداللہ اور وقار کے پاس بنگلہ دیش کے ویزے ہیں اس لیے ہم انہیں فوری طور پر ڈھاکہ روانہ کر رہے ہیں کیونکہ ہم سینئر گول کیپرز کے ویزے آنے کا اتنظار نہیں کرسکتے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ پی ایچ ایف نے گول کیپنگ کوچ احمد عالم کے کہنے پر سینئر پلیئرز مظہر اور امجد کو چیمپیئنز ٹرافی کیمپ میں بلایا تھا۔

آصف باجوہ نے بتایا کہ ابتدائی طور پر ہم نے جونیئر ٹیم کے گول کیپرز کو سینئر ایونٹ میں بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن جونیئر ورلڈکپ میں ٹیم کی خراب کارکردگی کی وجہ سے گول کیپنگ کوچ نے فیصلہ کیا کہ بہتر ہوگا کہ سینئر گول کیپرز ہی کو روانہ کیا جائے۔

یہی وجہ ہے کہ قومی ہاکی ٹیم کے گول کیپرز امجد اور مظہر کے لیے بروقت ویزے نہیں حاصل کیے جاسکے کیونکہ انہیں کیمپ میں بالکل آخر میں شامل کیا گیا تھا جبکہ عبداللہ اور وقار کے ویزے موصول ہوچکے تھے۔

متعلقہ تحاریر