کراچی کے قرنطینہ مراکز میں سیکورٹی کا فقدان، 38 مریض فرار
محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ اومی کرون میں مبتلا ایک شخص بھی گزشتہ ہفتے ہوٹل سے بھاگ گیا تھا۔
کراچی کے مختلف قرنطینہ مراکز میں سیکورٹی کا فقدان سامنے آنے لگا ہے ۔ محکمہ صحت سندھ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی نہ ہونے کے سبب کورونا کے مثبت مریض فرار ہو جاتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ کے حکام کا کہنا ہے کہ شارع فیصل پر واقع نجی ہوٹل، سندھ گورنمنٹ قطر اسپتال اور سندھ گورنمنٹ لیاقت آباد اسپتال میں بھی سیکورٹی غائب ہے۔
یہ بھی پڑھیے
کھوڑی گارڈن میں قبضے کا معاملہ، کے ایم سی اور ڈی ایم سی آمنے سامنے
کون کہتا ہے پارٹی میں کرپشن نہیں؟ پی ٹی آئی رہنما کے اہم انکشافات
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں اور کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کو ان قرطینہ سینٹرز میں رکھا جاتا ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق سیکورٹی نہ ہونے کی وجہ سے کورونا کے مریض قرنطینہ سینٹر سے بھاگ جاتے ہیں۔ سیکورٹی بڑھانے کے لیے محکمہ داخلہ کو بھی خط لکھ دیا گیا ہے۔ اب بھی قرطینہ سینٹرز میں دو درجن سے زائد بیرون ملک سے آئے کورونا کے مریض موجود ہیں۔
محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ اومی کرون میں مبتلا ایک شخص بھی گزشتہ ہفتے ہوٹل سے بھاگ گیا تھا۔ کورونا میں اب تک 38 سے زائد افراد قرنطینہ مراکز سے بھاگ چکے ہیں۔