امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں نیا کتا پال لیا
جوبائیڈن کے دور صدارت میں صدارتی محل میں تیسرا کتا شامل ہورہا ہے، یہ صدر کو ان کے بھائی کی طرف سے تحفے میں ملا ہے۔
امریکی صدر جوبائیڈن کی جرمن شیفرڈ نسل کے کتوں سے محبت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، ‘میجر’ نامی ریسکیو کتے کو گود لینے اور ‘چیمپ’ نامی کتے کو پالنے کے بعد انہوں نے اسی نسل کا تیسرا کتا اپنے اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر نئے فرد کا تعارف کرواتے ہوئے صدر نے کہا کہ اس کا نام ‘کمانڈر’ رکھا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
بھارت، بندروں نے 250 کتوں کو ہلاک کردیا
چینی کمپنی نے کتے کو ملازمت پر رکھ لیا
پیر کے روز بائیڈن نے وائٹ ہاؤس کے نئے مکین کا تعارف کروایا، ایک تین ماہ کا جرمن شیفرڈ صدارتی محل کے جنوبی سبزہ زار میں کھیلتا ہوا پایا گیا۔
امریکی خاتون اول کی پریس سیکرٹری نے سی این این کو بتایا کہ یہ کتا، صدر کو ان کے بھائی جیمز بائیڈن نے تحفے میں دیا ہے۔
جوبائیڈن کی 79 ویں سالگرہ حال ہی میں گزری ہے، جوبائیڈن کے دور صدارت میں ‘کمانڈر’ تیسرا کتا ہوگا جو کہ وائٹ ہاؤس میں رہے گا۔
اس سے قبل جون میں چیمپ کا انتقال ہوچکا ہے جبکہ میجر بھی اب وائٹ ہاؤس میں نہیں ہے کیونکہ وہ اسٹاف پر بھونکنا شروع کردیتا تھا۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق وائٹ ہاؤس عہدیداران کا کہنا ہے کہ ایک بلی بھی صدارتی محل میں جنوری 2022 میں آجائے گی۔