کورنگی میں زمین پر قبضہ، شہری واگزار کروانے کیلیے دربدر

وقاص احمد انصاری نے کورنگی ٹاؤن شپ میں زمین خریدی، بااثر ملزمان نے قبضہ کرکے دیوار بنانا شروع کردی، ڈی سی آفس کورنگی درخواست لینے سے انکاری۔

وقاص احمد انصاری نامی شہری نے ٹوئٹر پر تمام متعلقہ حکام سے کورنگی ٹاؤن شپ میں واقع اپنے پلاٹ کا قبضہ چھڑانے کی درخواست کی ہے۔

انہوں نے لکھا ہے کہ میں ایک عام آدمی اور قانون کا احترام کرنے والا شہری ہوں، کورنگی ٹاؤن شپ سیکٹر 30-اے میں پلاٹ نمبر 2 میری ملکیت میں ہے۔

یہ بھی پڑھیے

قصور کے پھل والے میونسپل کمیٹی سے زیادہ بااختیار، گرین بیلٹ پر قبضہ

 ملیر ایکسپریس وے کے روٹ پر قبضہ مافیہ کا راج

وقاص انصاری نے لکھا کہ میں نے یہ زمین سنہ 2007 میں خریدی تھی اور اس پر میری زندگی کی تمام جمع پونجی لگ چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں ڈپٹی کمشنر کورنگی کے پاس زمین کی تمام دستاویزات لے کر گیا لیکن تمام حکام نے میری درخواست کو نہیں سنا کیونکہ اس میں ان کا کوئی مالی فائدہ نہیں تھا۔

گزشتہ روز قابضین نے میری زمین پر دیوار تعمیر کرنا شروع کردی ہے، میں ٹوئٹر کے ذریعے تمام حکام سے درخواست کرتا ہوں کہ ٹیکس ادا کرنے والے ایک عام شہری کی مدد کریں جو کہ ملک میں مروج کرپشن کلچر میں اپنے ہاتھ نہیں خراب کرنا چاہتا۔

وقاص انصاری نے ڈپٹی کمشنر کورنگی کو لکھی گئی تحریری درخواست کی کاپی بھی شیئر کی اور بتایا کہ اس درخواست کو لینے سے ہی انکار کیا جا رہا ہے کیونکہ سب کے سب اس دھوکہ بازی کا حصہ ہیں جس میں 8 پلاٹوں پر قبضہ کیا گیا ہے۔

متعلقہ تحاریر