نوواک جوکووچ کے بعد خاتون ٹینس اسٹار بھی آسٹریلیا میں قید

چیک ریبلک کی کھلاڑی ریناٹا ووراکووا کا آسٹریلوی ویزا منسوخ کردیا گیا ہے، کورونا ویکسین سے استثنا دیا گیا تھا اب قید کرلیا گیا۔

نوواک جوکووچ کو میلبورن کے اسی حراستی مرکز میں رکھا گیا ہے جہاں چیک ریپبلک کی ٹینس پلیئر ریناٹا ووراکووا بھی رہ رہی ہیں، دونوں کھلاڑیوں کے آسٹریلوی ویزے منسوخ کیے جاچکے ہیں۔

ووراکووا نے کہا کہ اس جگہ پر بالکل قیدخانے کا جیسا محسوس ہو رہا ہے، ووراکووا آسٹریلیا میں کورونا وائرس ویکسین کی شرائط سے استثنا لے کر داخل ہوئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیے

آسٹریلیا نے نمبر ون ٹینس اسٹار جوکوچ کا ویزا منسوخ کردیا، ڈی پورٹ کرنے کافیصلہ

نئے سال کا جشن، ٹینس اسٹار اعصام الحق کی والدین کے ساتھ ڈانس ویڈیو وائرل

جوکووچ کی طرح ووراکووا کو بھی آسٹریلیا کی سرحدی حکام نے قیدخانے میں ڈال دیا ہے کیونکہ دونوں نے ملک میں داخلے کی شرائط پوری نہیں کی تھیں۔

ووراکووا نے کہا کہ میں ایک کمرے میں ہوں اور کہیں نہیں جاسکتی، 38 سالہ ووراکووا ڈبلز کیٹگری میں 81 نمبر پر ہیں، انہوں نے اپنے کیریر میں 11 ڈبلیو ٹی اے ڈبلز کے ٹائٹلز جیتے ہیں۔

میری کھڑکی سخت طریقے سے بند ہے، میں اسے 2 انچ بھی نہیں کھول سکتی، ہر طرف محافظ کھڑے ہیں، حتیٰ کہ کھڑکی کے نیچے بھی جو کہ مضحکہ خیز ہے۔

شاید انہوں نے سوچا کہ میں چھلانگ لگاؤں گی اور بھاگ جاؤں گی، یہ مجھے کھانا لا کر دیتے ہیں اور برآمدے میں بھی محافظ موجود ہے۔

آپ کو رپورٹ کرنا ہوتا ہے، ہر چیز راشن کے مطابق ہے، مجھے یہاں جیل جیسا محسوس ہو رہا ہے، جیسے ایک ایکشن فلم میں ہوتی ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں ہوسکا کہ حکام نے ووراکووا سے تفتیش کیوں شروع کی جبکہ انہیں ابتدائی طور پر ملک میں داخلے کی اجازت دے دی گئی تھی۔

کورونا وائرس ویکسین لگائے بغیر ووراکووا کو ٹینس آسٹریلیا کی جانب سے دی گئی استثنا کی وجہ سے ملک میں داخلے کی اجازت ملی تاکہ وہ آسٹریلیا اوپن ایونٹ کھیل سکیں۔

وفاقی حکام نے مجھے فوری طور پر داخلے کی اجازت دی، مجھے وکٹوریا اسٹیٹ چیک پوائنٹ پر روکا گیا تھا اور انہوں نے میری دستاویزات کہیں اور بھیجی تھیں لیکن بعد ازاں انہوں نے تصدیق کی کہ میں ملک میں بغیر کسی مسائل کے داخل ہوسکتی ہوں۔

ووراکووا نے میلبورن ڈبلیو ٹی اے میں ایک ڈبلز کا میچ بھی کھیل لیا تھا لیکن جمعرات کو مقامی حکام نے ان کا ویزا منسوخ کردیا اور ان سے کئی گھنٹوں تک تفتیش کی اور انہیں میلبورن کے پارک ہوٹل میں قرنطینہ کردیا۔

نوواک جوکووچ تو عدالتی احکامات کا انتظار کررہے ہیں تاکہ وہ ٹینس ٹورنامنٹ میں حصہ لے سکیں لیکن ووراکووا واپس چیک ریبلک جانے کی تیاری کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے ایک اور ویزے کی درخواست کرنا پڑے گی اور مزید ایک ہفتہ انتظار کرنا پڑے گا، ہوٹل میں قید ہو کر، جہاں ٹینس ٹریننگ کی بھی اجازت نہیں، یہ سب سمجھ سے بالاتر ہے۔

تو میں اجازت ملنے کا انتظار کررہی ہوں تاکہ یہاں سے واپس جاؤں، انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ شاید جوکووچ کو حراستی مرکز میں رکھنے کی وجہ سے مجھے بھی ایک ہفتے بعد قرنطینہ بھیج دیا گیا۔

ووراکووا نے کہا کہ ہم کھلاڑی ہیں، ہم یہاں ٹینس کھیلنے آئے ہیں اور کوئی تنازعات پیدا کرنے نہیں آئے، انہوں نے جوکووچ کے مداحوں کی تعریف کی جو حراستی مرکز کے باہر اپنے ہیرو کی حمایت میں کھڑے ہیں او نعرے بازی کرتے ہیں، انہوں نے ووراکووا کا بھی نام لیا اور وہ ہر وقت وہاں موجود رہتے ہیں۔

متعلقہ تحاریر