کورونا کے اومی کرون ویریئنٹ کی لہر تیز تر، 2 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ بھر میں کورونا کے 1223 کیسز رپورٹ ، جن میں سے 95 فیصد کیسز اومی کرون ویریئنٹ کے ہیں۔
ملک بھر میں کورونا کے کیسز میں ایک مرتبہ پھر تیزی سے اضافہ ہونا شروع ہوگیا ہے ، رپورٹ ہونے والے زیادہ تر کیسز اومی کرون ویریئنٹ کے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے متاثرہ 2 ہزار 74 نئے کیسز رپورٹ ، جبکہ موذی وائرس کا شکار ہونے والے 13 افراد جاں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، دوسری جانب کراچی میں اومی کرون کیسز کی شرح 95 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 44 ہزار 120 کے نمونوں کے ٹیسٹ کیے گئے، جن میں 2 ہزار 74 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے اس طرح مثبت کی شرح 4.70 فیصد رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
پنجاب کے 8 اضلاع میں کورونا ویکسینیشن مہم ناکام
ویکسینیشن کے معاملے پر دوبارہ سختی کرنا ہوگی، وزیر صحت سندھ
این سی او سی کے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں مجموعی پر کورونا سے متاثر ہونے والے کیسز کی تعداد 13 لاکھ 9 ہزار 248 ہوگئی ہے جبکہ اب تک موذی مرض سے متاثر ہو کر جان بحق افراد کی تعداد 28 ہزار 987 ہو گئی ہے۔
Statistics 12 Jan 22:
Total Tests in Last 24 Hours: 44,120
Positive Cases: 2074
Positivity %: 4.70%
Deaths :13
Patients on Critical Care: 628— NCOC (@OfficialNcoc) January 12, 2022
این سی او سی کے حکام کے مطابق اس وقت ملک بھر میں 628 مریضوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے جبکہ گذشتہ 24 گھنٹوں کےدوران 446 افراد کورونا جیسے موذی مرض سے صحت یاب ہوکر گھروں کو روانہ ہوئے۔ اس طرح صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 12 لاکھ 59 ہزار 699 ہو گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے حکام کے مطابق ملک بھر میں کورونا کی تشخیص کے لیے 2 کروڑ 39 لاکھ 35 ہزار 232 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔
اب تک کے اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز سندھ جبکہ اموات سب سے زیادہ پنجاب میں رپورٹ ہوئی ہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق پنجاب میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 48 ہزار 924 افراد کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ 13 ہزار 83 افراد انتقال کرچکے ہیں۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ میں کورونا کے 1223 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 95 فیصد کیسز اومی کرون ویریئنٹ کے ہیں۔ سندھ میں مجموعی طور پر کورونا کے کیسز کی تعداد 4 لاکھ 90 ہزار 10 ہو گئی ہے جبکہ کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 7 ہزار 691 ہو گئی ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں کورونا کیسز کی شرح 4.7 فیصد ، لاہور میں 7 فیصد اور راولپنڈی میں 4 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ کراچی میں کورونا کیسز کی شرح 20.22 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔