ابو ظہبی: حوثی باغیوں کے حملےمیں پاکستانی سمیت تین افراد ہلاک

حوثی باغیوں نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے, تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پیر کی دوپہر  متحدہ عرب امارات  کی ریاست ابو ظہبی  میں تین زوردار دھماکے سنے گئے ، دو دھماکے آئل ٹینکرز جبکہ ایک زیر تعمیر ایئرپورٹ پر ہوا ہے جس میں ایک  پاکستانی سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

ابوظہبی پولیس کا دھماکوں کے حوالے سے کہنا ہے کہ دھماکے آئل ٹینکر کے پھٹنے سےہوئے جس میں آئل تنصیبات پر کام کرنے والے ایک پاکستانی اور دو بھارتی ملازمین سمیت تین افراد ہلاک ہوئے جبکہ 6 افراد زخمی ہوگئے ، زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔متحدہ عرب امارات کی جانب سے تاحال کسی کو واقعے کی کوئی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئی  ہیں تاہم واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔

یہ بھی پڑھیے

یمن میں فلاحی باورچی خانہ اور نئے کپڑوں کے تحفے

مشرقی وسطیٰ ایک بڑی تبدیلی کی جانب گامزن (دوسری قسط)

دوسری جانب یمن کے حوثی باغیوں نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ، حوثی ملیشیا کے ترجمان یحییٰ ساری کے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹرپر  آج سہ پہرمتحدہ عرب امارات میں فوجی کارروائی کے بارے میں تفصیل بیان کی گئی تھی ۔

واضح رہے کہ حوثی باغیوں نے ابوظہبی پر ہونے والے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے جب کہ چند روز قبل حوثی باغیوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں  متحدہ عرب امارات کو نشانہ بنانے کی دھمکی بھی دی گئی تھی۔ نئے سال کے پہلے روز ہی حوثی باغیوں نے اسلحے کی ترسیل کا الزام عائد کرکے متحدہ عرب امارات کے یمن سے سعودی صوبے جازان جانے والے ایک مال بردار بحری جہاز کو ہائی جیک کرلیا تھا جب کہ امارات کا کہنا تھا کہ جہاز میں ایک اسپتال کے لیے ایمبولینس سمیت ضروری سامان تھا۔

متعلقہ تحاریر