ثانیہ مرزا نے ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا
اب کھیلنے میں زیادہ دلچسپی نہیں رہی، تھکنے لگی ہوں، تین سالہ بیٹے کو بھی ہر سفر میں ساتھ رکھنا پڑتا ہے، ثانیہ مرزا کی پریس کانفرنس۔
بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ سال ٹینس کورٹ میں ان کا آخری سال ہوگا کیونکہ وہ اب تھک چکی ہیں۔
ثانیہ نے 6 گرینڈ سلیم ٹائٹلز جیتے ہیں جس میں تین مکسڈ ڈبلز ٹرافیاں ہیں، وہ بھارت کی سب سے زیادہ کامیاب ٹینس پلیئر کی حیثیت سے ریٹائر ہو رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
کرکٹر محمد رضوان نے خواتین کے ساتھ تصاویر نہ بنوانے کی وجہ بتا دی
لڑکی ریپ کیس ، کرکٹر یاسر شاہ کا نام ایف آئی آر سے خارج
35 سالہ ثانیہ مرزا نے آسٹریلین اوپن ویمن ڈبلز فائنل میں شکست کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس کی بہت سی وجوہات ہیں، میرا بیٹا تین سال کا ہے اور مجھے لگتا ہے کہ میں بہت زیادہ سفر کر کے اس کو خطرے میں ڈال رہی ہوں۔
بدقسمتی سے کورونا وائرس نے ہمیں اپنی فیملی کے لیے یہ سخت فیصلہ لینے پر مجبور کیا ہے، یہ بات انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران کہی۔
ثانیہ مرزا نے کہا کہ میرا جسم تھک رہا ہے، آج میرے گھٹنے میں بہت درد ہو رہا تھا، میں یہ تو نہیں کہوں گی کہ اس وجہ سے ہم میچ ہار گئے لیکن میں سمجھتی ہوں کہ اب مجھے روبہ صحت ہونے میں پہلے کی نسبت زیادہ وقت لگ رہا ہے کیونکہ میری عمر بڑھ رہی ہے۔
ثانیہ مرزا ڈبلز رینکنگ میں سوئس پارٹنر مارٹینا ہنگز کے ساتھ پہلی پوزیشن تک جگہ بنا چکی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ مجھ میں اب وہ توانائی بھی باقی نہیں رہی ہے، نہ ہی روزانہ باہر نکلنے کی ہمت ہوتی ہے۔
میں نے ہمیشہ کہا کہ میں تب تک کھیلوں گی جب تک اس سے لطف اندوز ہوں گی، اور اب میں کھیلنے سے زیادہ لطف نہیں اٹھا پا رہی ہوں۔
سنگل ٹینس اسٹارز کی رینکنگ میں ثانیہ مرزا 27 ویں نمبر تک پہنچیں جو کہ ان کے کیریئر کا سب سے بہتر درجہ تھا، انہوں نے کلائی میں انجری کے بعد سنگلز میچز کھیلنا چھوڑ دیئے تھے۔