پشاور کے ڈاکٹروں کا کارنامہ، بغیر سینہ چاک کئے مریض کے دل کا والوو تبدیل کردیا
پشاور میں پاکستانی ڈاکٹروں نے سینے کاٹے بغیر مریضوں کے دل کے والوو کو کامیابی سے تبدیل کر دیا ہے جسے ایک اور سنگ میل کے طور پر سراہا جا رہا ہے۔
خیبر پختون خوا (کے پی کے) کے واحد امراض قلب کے سرکاری اسپتال نے بڑی کامیابی حاصل کرلی۔ پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ماہر ڈاکٹروں نے بغیر سینہ چاک کئے دل کا والوو تبدیل کرنے کا کامیاب آپریشن کرلیا ہے.
پی آئی سی کے ترجمان رفعت انجم نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ خیبر پختون خوا میں ایسا کامیاب آپریشن پہلی مرتبہ انجام پایا ہے ۔ 60 سالہ مریض کا بنا سینہ چاک کئے اور بغیر کٹ لگائے کامیاب آپریشن کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
جناح اسپتال کراچی میں روبوٹک سرجری متعارف کرانے پر غور
اسپتال کے ڈاکٹر علی رضا کے مطابق آپریشن تاوی (Tavi) طریقہ کار سے ہوا ہے۔ آپریشن نہ کرنے کی صورت میں مریض کی جان کو خطرہ لاحق تھا۔ آپریشن کے بعد مریض کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم انہیں ابھی انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں رکھا گیا ہے.
ماہر امراض قلب ڈاکٹر علی رضا کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے صرف دو اسپتالوں میں اس طرح کی سرجری کی گئی جبکہ پی آئی سی نے پہلی بار ایسا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی سی میں لوگوں کو دل کے علاج کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ہر قسم کی سہولیات موجود ہیں۔
پشاور میں پاکستانی ڈاکٹروں نے سینے کاٹے بغیر مریضوں کے دل کے والوز کو کامیابی سے تبدیل کر دیا ہے جسے ایک اور سنگ میل کے طور پر سراہا جا رہا ہے۔









