کراچی ایئرپورٹ پر کسٹمز کی کارروائی، 12 کروڑ کی غیرملکی کرنسی ضبط
دو بہن بھائی کراچی سے دبئی کی پرواز میں 6 لاکھ 16 ہزار یورو لے جانا چاہتے تھے، کسٹمز اور اے ایس ایف نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں کو گرفتار کرلیا۔

پاکستان کسٹمز نے کراچی ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے 6 لاکھ 16 ہزار یوروز کی غیر ملکی کرنسی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنا دیا، اسمگلر بہن بھائی گرفتار۔
کسٹمز نے ائیرپورٹ سیکیورٹی فورس کےساتھ مشترکہ آپریشن میں دو مسافروں سے 616000 یوروز (پاکستانی 12 کروڑ 16 لاکھ روپے) ضبط کرلی۔
کرنسی اسمگلنگ میں ملوث دونوں مسافر بہن بھائیوں عبید صدیقی اور اقصیٰ صدیقی کو جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی سے گرفتار کیا گیا جو کہ فلائٹ ای کے 605 کے ذریعے کراچی سے دبئی سفر کر رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی:خیابان نشاط میں زیرتعمیر عمارت گر گئی، ایک مزدور جاں بحق ، متعدد زخمی
لاہور ميں ماں اور تین بچوں کے قتل کا ڈراپ سین، بچ جانے والا بیٹا قاتل نکلا
دونوں مسافروں کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ تفتیش کے بعد مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔
وزارت خزانہ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو شوکت ترین نے اس کامیابی پر اور منی لانڈرنگ اور کرنسی اسمگلنگ کے خلاف ایف بی آر کے جاری آپریشنز کی تعریف کی ہے۔
چئیرمین ایف بی آر اور سیکریٹری ریونیو ڈویثرن ڈاکٹر محمد اشفاق احمد نے کامیاب آپریشن پر کسٹمز اہلکاروں کے لئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا۔
ایف بی آر منی لانڈرنگ اور کرنسی اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر گامزن ہے اور اس سلسلے میں پالیسی اور آپریشنل سطح پر متعدد اقدامات متعارف کر چکا ہے تا کہ ملک بھر میں ٹیکس قوانین کی تعمیل کے کلچر کو فروغ دیا جا سکے۔









